رواں ماہ 11 اگست کو ریلیز ہونے والی پاکستان کی پہلی اوریجنل ویب سیریز ’چڑیلز‘ کے اگرچہ بولڈ اور تھرلر ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں چرچے ہیں۔
تاہم اب پاکستانی ویب سیریز کی ٹیم پر ایک ٹوئٹر صارف نے ’چڑیلز‘ میں پیش کیے جانے والے ایک ’السٹریشن‘ خاکے کو چوری کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
ٹوئٹر صارف آمنہ طارق نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ ’چڑیلز‘ کے آغاز میں دکھائی دینے والا خاکہ دراصل ایک فرانسیسی آرٹسٹ کے بنائے گئے خاکے کی کاپی ہے۔
آمنہ طارق نے دعویٰ کیا کہ چڑیل ویب سیریز کے آغاز میں جس السٹریشن یعنی خاکے یا تصویر کو دکھایا گیا ہے، وہ دراصل ایک فرانسیسی آرٹسٹ ملیکا فیورے کے خاکے کی کاپی ہے۔تحریر جاری ہے
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ فرانسیسی آرٹسٹ نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے اوپینین کے لیے ایک خاکہ بنایا تھا، جسے پاکستانی ویب سیریز ’چڑیلز‘ کی ٹیم نے کاپی کیا۔
آمنہ طارق کی ٹوئٹ کے بعد کئی لوگوں نے ’چڑیلز‘ کی ٹیم پر تنقید کی اور کہا کہ پاکستانی ویب سیریز کی ٹیم کو کسی کی محنت کو یوں کاپی نہیں کرنا چاہیے تھا اور اگر کاپی کیا تو کم از کم اصل آرٹسٹ کو کریڈٹ دینا چاہیے تھا۔
آمنہ طارق کی ٹوئٹ پر فرانیسی آرٹسٹ ملیکا فیورے نے بھی کمنٹ کیا اور اپنے خاکے کی کاپی پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ عمل کو بدصورت قرار دیا۔
آمنہ طارق کی ٹوئٹ پر دیگر صارفین نے ’چڑیلز‘ کی مرکزی اداکارہ ثروت گیلانی کی سوشل میڈیا پوسٹ کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے، جس میں اداکارہ کو کاپی کیے جانے والے خاکے کی تصویر کی تشہیر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا صارف آمنہ طارق کی جانب سے ’چڑیلز‘ کی ٹیم پر خاکے چرانے کے الزام پر تاحال ویب سیریز کے ہدایت کار عاصم عباسی اور اداکاراؤں نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔
’چڑیلز‘ میں پیش کیے گئے خاکے اور فرانسیسی آرٹسٹ کے کچھ عرصہ قبل بنائے گئے خاکے کی تصاویر دیکھنے کے بعد دونوں تصاویر میں کافی مماثلت دکھائی دیتی ہے۔
خیال رہے کہ ’چڑیلز‘ کو رواں ماہ 11 اگست کو زی فائیو کے زندگی چینل پر آن لائن ریلیز کیا گیا تھا۔
’چڑیلز‘ کی کہانی شوہروں کی بے وفائی کے بعد جاسوس بن جانے والی چار خواتین کے گرد گھومتی ہیں جو سیریز میں اپنی جیسی دوسری عورتوں کی زندگی بچانے کے لیے اپنی زندگی خطرے میں ڈالتی دکھائی دیتی ہیں۔
ویب سیریز میں چاروں خواتین کو گھریلو زندگی چھوڑ کر دھوکا کرنے والے شوہروں کو بے نقاب کرتے دکھایا گیا ہے۔
ویب سیریز میں ثروت گیلانی نے سارہ، یاسرا رضوی نے جگنو، نمرا بچہ نے بتول اور مہربانو نے زبیدہ کا کردار ادا کیا ہے اور ویب سیریز میں ان چار مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو ایک گینگ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔