آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیزکوہراکرٹرائینگولرسیریزجیت لی

Australia

برج ٹاؤن -عالمی چمپین آسٹریلیا نے سہ فریقی سیریز کے فائنل میں میزبان ویسٹ انڈیز کو 58 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔ برج ٹاؤن میں کھیلے گئے فائنل میچ کا ٹاس آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے جیتا اور پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن ٹیم روایتی انداز میں بہت بڑا اسکور ترتیب نہ دے سکی۔ آسٹریلیا کو پہلا نقصان عثمان خواجہ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 28 کے اسکور پر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد فنچ نے برق رفتار 47 رنز بنائےاور 69 کے اسکور پر پویلین لوٹے۔ کپتان اسمتھ نے ایک دفعہ پھر ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور پہلے جارج بیلی اور پھر مارش کے ساتھ مل کر اسکور کو 152 رنز تک پہنچا دیا اور 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بلے باز میتھیو ویڈ نے چھٹی وکٹ پر ناقابل شکست رہتے ہوئے 57 رنز بنا کر آسٹریلیا کو قابل دفاع ہدف ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ مچل مارش نے 32، اسٹارک نے 17، کولٹرنیل نے 15 اور زیمپا نے 5 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔ آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 270 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان جیسن ہولڈر اور گیبرئیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز کے بلے باز 271 رنز بنانے میں مکمل طور پر ناکام رہے، گزشتہ میچوں میں سنچریاں بنانے والے ڈیرن براوو اور مارلن سیموئلز فائنل میں ناکام ہوئے اور 6،6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر جانسن چارلس 45 رنز بنا کر سرفہرست بلے باز رہے جبکہ رام دین نے پانچویں وکٹ پر 40 رنز کی اننگز کھیل کر آسٹریلیا کے خلاف مزاحمت کی لیکن ہیزل ووڈ نے ان کی کوششوں کو وکٹیں اڑا کر ناکام بنا دیا۔ جیسن ہولڈر 34، سنیل نرائن 23 اور کیرون پولارڈ 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 46 ویں اوور میں 212 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 58 رنز سے سیریز بھی ہار گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ 5 اور مچل مارش 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ مچل مارش کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین جبکہ جوش ہیزل ووڈ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *