ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا وائرس کے تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار مریض صحتیاب، فعال کیسز 9 ہزار سے کم

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب تک ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 53 ہوگئی ہے جس میں سے 2 لاکھ 79 ہزار 937 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 283 انتقال کرگئے ہیں۔

ملک میں 28 اگست کی صبح تک کورونا وائرس کے 160 نئے مریض آئے جبکہ 2 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ سندھ کے گزشتہ روز کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے 204 کیسز اور 6 اموات رپورٹ ہوئی تھیں، مزید یہ کہ بلوچستان کے بھی گزشتہ روز کے اعداد و شمار آج رپورٹ ہوئے جس کے مطابق 21 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

علاوہ ازیں سندھ اور بلوچستان کے گزشتہ روز کے اعداد و شمار کے بعد وہاں بالترتیب کیسز ایک لاکھ 29 ہزار 81 اور 12 ہزار 742 ہوگئی۔

پاکستان میں اس عالمی وبا کو 6 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرگیا ہے اور اس دوران ملک اس وبا کے مختلف مراحل دیکھ چکا ہے اور اب صورتحال بہتر ہورہی ہے لیکن ماہرین نے اب بھی خبردار کیا ہے کہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) پر عمل نہ کرنے سے یہ وائرس دوبارہ سے پھیل سکتا ہے۔‎

ملک میں اس وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے یہ وبا ملک بھر میں پھیل گئی تھی۔

فروری سے مارچ کے آخر تک ملک میں کورونا کیسز اور اموات کی تعداد کافی کم تھی تاہم اپریل میں اس میں اضافہ ہوا اور مئی میں یہ کافی حد تک بڑھ گئے۔

تاہم جون کا مہینہ ایسا تھا جس نے پوری صورتحال کو ہی تبدیل کردیا اور یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرنے لگیں جبکہ ہسپتالوں میں دباؤ بڑھ گیا۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور اب اگست میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور یومیہ کیسز سیکڑوں اور اموات اوسطاً درجن کے قریب آگئی ہیں۔

آج 28 اگست کو نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 96 مریضوں کا اضافہ ہوا جبکہ 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں رپورٹ ہونے والے ان 96 مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 96 ہزار 636 ہوگئی۔

اس کے علاوہ وہاں 2 اموات کے رپورٹ ہونے سے مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 195 تک جاپہنچی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 16 افراد کو متاثر کردیا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وفاقی دارالحکومت میں 16 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی اور مجموعی کیسز 15 ہزار 578 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 43 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد گلگت بلتستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 816 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

پاکستان کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مزید 5 افراد کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں نئے کیسز کی تعداد 5 رہی اور یوں مجموعی کیسز 2 ہزار 277 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی 376 کا اضافہ رپورٹ ہوا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے ان مریضوں کے بعد ملک میں اب تک اس وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار 937 ہوگئی ہے جو مجموعی کیسز کا تقریباً 95 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 295053

اموات: 6283

صحتیاب: 279937

فعال کیسز: 8833

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 81 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 96 ہزار 636 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 923 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 742 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 578، آزاد، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 816 اور کشمیر میں 2 ہزار 277 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال

سندھ: 2394

پنجاب: 2195

خیبرپختونخوا: 1250

بلوچستان: 141

اسلام آباد: 175

آزاد کشمیر: 61

گلگت بلتستان: 67