ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا وائرس کے تقریباً 2 لاکھ 81 ہزار مریض صحتیاب

Share

دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو متاثر جبکہ لاکھوں لوگوں کو ہلاک کرنے والے مہلک کورونا وائرس کے پاکستان میں کیسز دن بدن کم ہورہے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 2 لاکھ 96 ہزار 149 ہوگئی ہے جس میں سے 2 لاکھ 80 ہزار 970 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 298 کا انتقال ہوا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج (یکم ستمبر) کی صبح تک ملک میں کورونا کی اس عالمی وبا کے 216 نئے کیسز اور 4 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 288 مریض صحتیاب ہوگئے، جس میں سندھ کے گزشتہ روز کے 121 کیسز بھی شامل ہیں۔

ملک میں یہ عالمی وبا 7ویں مہینے میں داخل ہوچکی ہے اور گزرے ہوئے 6 ماہ کے دوران اس وائرس کے باعث قوم کو مختلف مراحل کا سامنا کرنا پڑا۔تحریر جاری ہے‎

26 فروری 2020 کو پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کے بعد سے تعلیمی اداروں کی بندش اور مختلف معاشی پابندیاں عائد کی گئیں، جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کم کی جاتی رہیں اور اگست میں ملک میں معاشی پابندیاں تقریباً ختم کردی گئی۔

تاہم تعلیمی اداروں کی بندش اب بھی برقرار ہے اور اس پر حتمی فیصلہ 7 ستمبرکو کیا جائے گا۔

اگر ملک میں ان 6 ماہ کو دیکھیں تو جون کا مہینہ وائرس کے حوالے سے سب سے تشویش ناک تھا جہاں یومیہ 6 ہزار کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔

تاہم جولائی میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی اور اگست میں یہ مزید بہتری کی جانب آگئی۔

آج (یکم ستمبر) کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

ملک میں سب سے زیادہ کیسز والے صوبے سندھ میں 31 اگست کے اعداد و شمار یکم دسمبر کو سامنے آئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں مزید 121 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 2 افراد جان سے گئے۔

یوں صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 469 ہوگئی جبکہ اموات 2 ہزار 403 تک جاپہنچیں۔

پنجاب

ملک کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں یہ وبا مزید 63 افراد کو متاثر کرگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے 63 مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 96 ہزار 832 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال نے اموات کی مجموعی تعداد کو 2 ہزار 199 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 24 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 649 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 7 مریض سامنے آئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے اعداد و شمار کے مطابق گلگت میں مزید 7 مریضوں کی تصدیق کے بعد وہاں کیسز 2 ہزار 903 تک پہنچ گئے۔

آزاد کشمیر

پاکستان میں سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا ایک نیا کیس اور ایک نئی ہلاکت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں ایک فرد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز 2 ہزار 299 ہوگئے۔

اس کے علاوہ ایک اور فرد کے انتقال سے اموات 63 تک پہنچ گئیں۔

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 288 مریض وائرس سے شفایاب ہوئے۔

اس طرح اب تک مجموعی طور پر شفا پانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 970 ہوگئی ہے جو مجموعی کیسز کا تقریباً 95 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 296149

اموات: 6298

صحتیاب: 280970

فعال کیسز: 8881