Site icon DUNYA PAKISTAN

اداکارہ بپاشا باسو اپنے حاملہ ہونے کی افواہوں سے چڑتی کیوں ہیں؟

Share

بالی وڈ اداکارہ بپاشا باسو اپنے بارے میں پھیلنے والی افواہوں سے خاصی ناراض ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ جب بھی اُن کا وزن بڑھتا ہے اُن کے بارے میں افواہ پھیلا دی جاتی ہے کہ وہ ماں بننے والی ہیں۔

ویب سائٹ ’پِنک ولا‘ سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا اُن کے موٹاپے کو حمل کا نام دے دیا جاتا ہے اور اس بات پر انھیں بہت غصہ آتا ہے اور اپنے حاملہ ہونے کی افواہوں سے چِڑ ہوتی ہے۔

بپاشا نے سنہ 2016 میں ٹی وی کے مشہور اداکار کرن سنگھ گروور سے شادی کی تھی۔ اور یہ پہلی بار نہیں جب کرن اور بپاشا نے بچے کے بارے میں بات کی ہو۔

حال ہی میں ایک روزنامے کو دیے گئے انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ مستقبل کا کچھ پتا نہیں لیکن قدرت کا جو بھی فیصلہ ہوا انھیں منظور ہو گا اور یہ کہ اگر اُن کے ہاں بچے نہیں بھی ہوئے تو دنیا میں بے شمار ضرورت مند بچے ہیں وہ ان کی دیکھ بھال کریں گے۔

بپاشا سوشل میڈیا پر اپنی پریگنینسی کی خبر سُن کر ناراض ہیں لیکن ودیا بالن کے مطابق اسی سوشل میڈیا پر جس طرح اداکارہ ریا چکرورتی کی کردار کُشی کی جا رہی ہے اور انھیں ولن بنا کر تضحیک کی جا رہی ہے، اس سے لگتا ہے کہ سوشانت سنگھ کی موت کو میڈیا سرکس میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

تاپسی پنوں نے اس تمام معاملے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ’عدالت کی موجودگی میں کسی انسان کو میڈیا میں ’مجرم‘ قرار دیا جانا کہاں کا انصاف ہے۔‘

،تصویر کا کیپشنریا کے میڈیا ٹرائل سے ایسا لگتا ہے کہ جیسے وہ اس وقت تک قصوروار رہیں گی جب تک بے قصور ثابت نہیں ہو جاتیں

سوارہ بھاسکر نے لکھا کہ ’ریا کی واٹس ایپ چیٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریا نے سوشانت کی ذہنی حالت کے بارے میں ان کے اہلِخانہ کو آگاہ کر دیا تھا تو کیا ریا کو پھسنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘

اصول تو یہ ہے کہ جب تک جرم ثابت نہ ہو انسان بے قصور کہلاتا ہے لیکن ریا کے میڈیا ٹرائل سے ایسا لگتا ہے کہ جیسے وہ اس وقت تک قصوروار رہیں گی جب تک بے قصور ثابت نہیں ہو جاتیں۔

اداکارہ دویا دتہ کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند مہینوں میں بالی وڈ کے بارے میں یہ تاثر پیدا ہو گیا ہے کہ یہاں کا ماحول خراب اور زہر آلود ہے۔

دویا کہتی ہیں کہ ہماری ذہنیت بھیڑ چال والی ہے، ہر کوئی دماغ کا استعمال کیے بغیر ایک جیسی بات کرتا چلا جاتا ہے۔

لیکن مشہور فلم تجزیہ کار کومل نہاٹا نے تو بالی وڈ کے سپر سٹارز کو ہی چیلنج کر ڈالا۔ اپنے ایک بلاگ میں انھوں نے لکھا کہ بالی وڈ میں اس وقت جس طرح کے تنازعات اور غلط بیانیاں جاری ہیں، اس بارے میں انڈسٹری کے سپر سٹارز خاموش کیوں ہیں؟

کہیں فلم سٹارز کو منشیات کا عادی کہا جا رہا ہے تو کہیں خودکشیوں کے بارے میں کہانیاں بنائی جا رہی ہیں اور تو اور سوشل میڈیا پر فلم سٹارز کو ٹرول کیا جاتا ہے، جس کی مثال حال ہی میں امیتابھ بچن کو کووڈ 19 ہونے پر کچھ لوگوں نے ٹرول کیا۔

کنول نہاٹا کا کہنا تھا کہ بالی وڈ ان فلمی ستاروں کی ماں ہے اور آج ان کی ماں کی عزت داؤ پر لگی ہے اور یہ لوگ خاموش ہیں۔ کنول نہاٹا کا کہنا تھا کہ فلمی ستاروں کے بچوں کو ٹرول کیا جاتا ہے انھیں اقربا پروری کی علامت کہا جاتا ہے تو کیا فلمی گھرانے میں پیدا ہونا جرم ہے۔

سوشانت سنگھ معاملے کی تحقیقات کے دوران منشیات کے استعمال کا پہلو بھی سامنے آیا۔ ایسے میں کنگنا جو ہر وقت ٹی وی چینل ’ریپلِک انڈیا‘ کا مائیک ہاتھ میں لیے تیار بیٹھی رہتی ہیں، جھٹ سے بالی وڈ میں منشیات کے مبینہ استعمال پر شور مچانے لگیں اور کئی بڑے سٹار کو منشیات ٹیسٹ کروانے کی صلاح دے ڈالی۔

ویسے کنول نہاٹا کو چاہیے کہ وہ تمام بڑے سٹارز کو مشورہ دینے کے بجائے صرف کنگنا کو ہی سمجھا دیں تو بقول کچھ لوگوں کے انڈسٹری کے آدھے سے زیادہ تنازعات خود ہی ختم ہو جائیں گی۔

Exit mobile version