پی ٹی آئی کا کونسلراحتجاجا کھمبے پرچڑھ گیا

PTI Khamba

گجرانوالہ -پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے شہر گجرانوالہ میں اختیارات نہ ملنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل کونسلر لیاقت علی احتجاجاً خود کشی کرنے کیلئے بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا۔ اپنے کونسلر کو کھمبے پر چڑھتا دیکھ کر علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی۔

علاقہ مکینوں نے بڑی منت سماجت کی کونسلر صاحب نیچے اتر جائیں لیکن وہ اختیارات لیے بغیر کھمبے سے اترنے کو تیار نہ تھے۔ اہل علاقہ کے بے حد اصرار اور کئی گھنٹوں کی منتوں پر 60 سالہ جنرل کونسلر کھمبے سے اترے ۔ لیاقت علی نڈالہ سندھواں سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کونسلر منتخب ہوا تھا تاہم پنجاب میں اب تک بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہیں دیے گئے جس کہ وجہ سے منتخب نمائندے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام ہیں۔

جب جنرل کونسلر لیاقت علی سے خود کشی کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے بھی یہی کہا کہ الیکشن کے وقت انہوں نے لوگوں سے کئی وعدے کیے تھے اور اب اختیارات نہ ملنے کی وجہ سے وعدے پورے نہیں کرپارہے یہی وجہ ہے کہ وہ خودکشی کرنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہوا تھا جس کے بعد خیبر پختوانخوا اور بلوچستان میں تو بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دے دیے گئے تاہم پنجاب اور سندھ میں قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے اب تک منتخب نمائندوں تک اختیارات منتقل نہیں کیے گئے :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *