Site icon DUNYA PAKISTAN

ملک بھر میں یوم فضائیہ ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

Share

ارض پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے پاک فضائیہ کے جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج ملک بھر میں یوم فضائیہ منایا جارہا ہے۔

یوم فضائیہ کی مناسبت سے مختلف تقاریب کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے، جس میں 1965 کی پاک-بھارت جنگ میں ملک کے لیے جان نچھاور کرنے والے شہدائے فضائیہ کو سلام پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 1965کی جنگ میں بری اور بحری افواج کے ساتھ ساتھ فضائیہ نے بھی پاک وطن کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔

اس جنگ میں پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد محمود عالم (ایم ایم عالم) نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارتی فضائیہ کے 5 ایم کے 56 طیاروں کو گرا کر تاریخ رقم کی تھی۔

ایم ایم عالم کی اس بہادری اور جرات پر انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ جرات سے بھی نوازا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 6 ستمبر کو ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا منایا گیا تھا، جہاں صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف کی جانب سے مادر وطن کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا۔

یوم دفاع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں مرکزی تقریب میں یادگار شہدا پر حاضری دی تھی، پھول رکھے تھے اور فاتحہ خوانی کی تھی۔

بعد ازاں انہوں نے جی ایچ کیو میں ہی فوجی اعزازات دینے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم شہدا کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے، پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا۔

آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ‘آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کررہے ہیں، اسی لیے آج ہم اپنے شہدا اور غازیوں کے عظیم کارناموں کو یاد کرنے اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں’۔

شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ‘ان کی جرات، بہادری اور قربانیوں کی بدولت ہماری آزادی، خود مختاری،امن اور سلامتی قائم ہے اور میرے سامنے شہدا کے لواحقین موجود ہیں اور میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں’۔

Exit mobile version