ایپل کا 15 ستمبر کو ‘ٹائم فلایئز’ ایونٹ کے انعقاد کا اعلان
ایپل کی جانب سے 15 ستمبر کو ایک ایونٹ کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے جو اس لیے حیران کن نہیں لگتا کیونکہ ہر سال اس کمپنی کی جانب سے نئے آئی فونز اسی مہینے میں متعارف کرائے جاتے ہیں۔
مگر اس سال ایسی میڈیا رپورٹس موجود ہیں کہ آئی فونز تاخیر سے آئندہ ماہ پیش کیے جائیں گے اور اس ماہ ایپل واچ کو متعارف کرایا جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے تو ایونٹ کے حوال سے کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں مگر ایونٹ کی ٹیگ لائن ‘ٹائم فلایئز’ سے یہی عندیہ ملتا ہے کہ آئی فون کی جگہ نئی ایپل واچ اس تقریب میں پیش کی جائے گی۔
ایپل نے کچھ عرصے قبل خود تصدیق کی تھی کہ کووڈ 19 کی وبا کے باعث وہ ستمبر مین نئے آئی فونز صارفین کو فروخت کے لیے پیش نہیں کرسکے گی۔
ٹائم فلایئز سے یہی لگتا ہے کہ اس بار ایپل واچ ہی ایونٹ کی ہائی لائٹ ہوگی۔
ایپل واچ 6 میں اس بار بلڈ آکسیجن مانیٹرنگ کے ساتھ پہلے سے بہتر سلیپ ٹریکنگ اور تیز پراسیسر دیا جائے گا۔
ایپل کی جانب سے سیریز 3 ماڈلز کے سستے متبادل کے اعلان کی افواہیں بھی گرم ہیں۔
ایسی میڈیا رپورٹس سامنے آئی ہیں جن میں بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے 4 آئی فونز متعارف کرائے جائیں گے۔
ان میں 2 سستے آئی فونز 12 ماڈلز ہوں گے جن میں سے ایک 5.4 انچ اور دوسرا 6.1 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہوگا۔
دیگر 2 آئی فونز 12 پرو ماڈلز 6.1 انچ اور 6.7 انچ کے ہوں گے جو اکتوبر میں کسی وقت پیش کیے جاسکتے ہیں۔
آئی فون 12 سیریز چاہے ستمبر میں متعارف کرائے جائیں یا اکتوبر میں، صارفین کو اکتوبر میں دستیاب ہوں گے۔
ایپل کے سی ایف او نے کچھ عرصے قبل بتایا تھا کہ ہمارا تخمینہ ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال آئی فون کچھ ہفتے تاخیر سے دستیاب ہوں گے، واضح رہے کہ آئی فون 11 سیریز ستمبر کے وسط میں فروخت کے لیے پیش کی گئی تھی۔
ایسا بھی افواہیں موجود ہیں جن کے مطابق ایپل کی جانب سے رواں سال کے آئی فونز الگ الگ متعارف کرائے جاسکتے ہیں، جیسے 2 آئی فون ماڈلز پہلے جبکہ دیگر 2 بعد میں متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔