Site icon DUNYA PAKISTAN

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز 3 لاکھ سے زائد، تقریباً 2 لاکھ 88 ہزار صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 30 ہوگئی جس میں 2 لاکھ 87 ہزار 950 صحتیاب بھی ہوگئے جو تقریباً 96 فیصد ہے۔

اس کے علاوہ ملک میں ابھی تک کورونا وائرس کی وجہ انتقال کرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 365 ہوگئی ہے۔

ملک میں آج (10 ستمبر) کو کورونا وائرس کے مزید 181 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ خوش قسمتی سے پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو سامنے آیا جس کے بعد سے اب تک اس عالمی وبا کو ساڑھے 6 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے۔‎

اس عرصے میں وائرس کے کیسز میں کمی اور تیزی دونوں دیکھی گئی اور جون کا مہینہ ملک میں اس وائرس کے کیسز اور اموات کے حساب سے سب سے زیادہ تشویشناک ثابت ہوا۔

جون کے مہینے میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئی تھیں جس کی وجہ سے ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا تھا۔

تاہم جولائی میں کورونا کیسز میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں صورتحال کافی بہتر ہوگئی جس کے نتائج ستمبر میں بھی آرہے ہیں اور اسی بہتر صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے 6 ماہ سے بند تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آج (10 ستمبر) کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز میں مزید 72 نئے مریضوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 72 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 97 ہزار 461 ہوگئی۔

تاہم خوش قسمتی سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کی عالمی وبا کے مزید 24 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں آئے ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 804 ہوگئی۔

تاہم وفاقی دارالحکومت میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے باعث کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 69 مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

اس نئے اعداد و شمار کے بعد وہاں اب تک متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہزار 137 تک پہنچ گئی۔

وہاں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی نئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

آزاد کشمیر

پاکستان میں سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مزید 16 لوگوں کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 16 مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 356 ہوگئی، تاہم وہاں بھی کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 444 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ان نئے صحتیاب ہونے والوں کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 87 ہزار 950 تک پہنچ گئی جو مجموعی کیسز کا 96 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 300030

اموات: 6365

صحتیاب: 287950

فعال کیسز: 5715

Exit mobile version