پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 لاکھ 88 ہزار مریض شفایاب، فعال کیسز 6 ہزار سے کم
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور 3 لاکھ 371 کیسز میں سے 2 لاکھ 88 ہزار 206 ہوگئی ہے جبک 6 ہزار 370 کا انتقال ہوا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق ملک میں 11 ستمبر کی صبح تک مجموعی طور پر 104 کیسز اور 2 اموات کا اضافہ ہوا، تاہم گلگت بلتستان کے مجموعی کیسز میں سے 6 کو مائنس کیا گیا، جس سے وہاں تعداد 3 ہزار 137 سے کم ہوکر 3 ہزار 131 تک پہنچ گئی۔
اگر ملک میں اس عالمی وبا کی بات کی جائے تو اس کا آغاز 26 فرور 2020 کو ہوا تھا، جس کے بعد سب سے پہلے تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تھا جبکہ اس کے بعد دیگر شعبوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
ان پابندیوں کا مقصد لوگوں میں وائرس کے پھیلاؤ کو رکنا تھا، تاہم ابتدا میں وائرس کا پھیلاؤ کم رہا تاہم اپریل سے اس میں تیزی آنا شروع ہوئی اور پھر مئی اور جون میں صورتحال کافی تبدیل ہوگئی۔
جون میں صورتحال یہاں تک پہنچ گئی کہ یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد رپورٹ ہونے لگی جس کی وجہ سے ہسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کی رپورٹس بھی آئیں، تاہم اس کے بعد جولائی میں کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور لگائی گئی پابندیاں بھی نرم کی گئی۔
بعد ازاں اگست میں یہ پابندیاں بڑی حد تک ختم کردی گئی، جس کی وجہ کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونا تھا، جس کے بعد ستمبر میں مزید صورتحال میں بہتری پر تعلیمی اداروں کو بھی 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔
آج (11 ستمبر) کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
پنجاب
صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز میں 72 کا اضافہ ہوا جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان 72 کیسز کے بعد مجموعی تعداد 97 ہزار 533 ہوگئی۔
اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال نے مجموعی اموات کی تعداد کو 2 ہزار 214 تک پہنچا دیا۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 28 مریضوں اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز 15 ہزار 832 ہوگئے۔
مزید یہ کہ ایک فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی تعداد 178 ہوگئی۔
آزاد کشمیر
ملک کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 10 مریض سامنے آئے۔
ان 10 نئے مریضوں کے بعد آزاد کشمیر میں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 366 ہوگئی۔
صحتیاب افراد
ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 256 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق شفایاب ہونے والے ان نئے مریضوں کے بعد ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 2 لاکھ 88 ہزار 206 ہوگئی، جو 96 فیصد ہے۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 300371
اموات: 6370
صحتیاب: 288206
فعال کیسز: 5795