Site icon DUNYA PAKISTAN

پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر بنگلہ دیش ہچکچاہٹ کا شکار

Share

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پر تو رضامند ہے لیکن ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی بنگلہ دیشی ٹیم کے دورہ پاکستان کے سکیورٹی پلان کو منظور کرچکی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم پہلے محدود اوورز اور اب ٹیسٹ سیریز یہاں کھیل رہی ہے اور سکیورٹی کا کوئی خدشہ ظاہر نہیں کیا ہے، اس لیے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے یہ پوچھا جارہا ہے کہ آپ ٹیسٹ سیریز کیوں کھیلنا نہیں چاہتے؟

وسیم خان نے بھی کہا کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس ٹیسٹ سیریز کسی دوسرے ملک میں کھیلنے کا کوئی آپشن اب موجود نہیں ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان

ایم سی سی کی ٹیم کا دورہ پاکستان

وسیم خان کا کہنا ہے کہ میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ٹیم کمار سنگاکارا کی قیادت میں آئندہ سال فروری میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دورے میں وہ لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ ایم سی سی سے گزشتہ چند ماہ سے اس دورے کے لیے بات چیت جاری تھی اور اب ایم سی سی نے باضابطہ طور پر اس دورے کی تصدیق کردی ہے۔

آسٹریلوی ٹیم ٹیسٹ سیریز پاکستان میں کھیلے گی

وسیم خان کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم سنہ 2022 میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں اسے دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے تھے لیکن اب یہ ٹیسٹ سیریز تین میچوں پر مشتمل ہو گی۔

قطر ٹی 10 لیگ میں پاکستانی کرکٹر سے بکیز کا رابطہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ قطر میں ہونے والی ٹی ٹین لیگ کے دوران مشکوک افراد کی جانب سے ایک سابق پاکستانی کرکٹر سے رابطہ کیا گیا لیکن اس کرکٹر نے اس کی بروقت اطلاع پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹی کرپشن یونٹ کو دے دی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے کی تمام تر تفصیلات سے آئی سی سی کو آگاہ کر دیا ہے۔

وسیم خان نے تسلیم کیا کہ غیرملکی کرکٹ لیگس میں پاکستانی کرکٹرز کو کھیلنے کی اجازت دینے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی پالیسی کنفیوز ہے جس کا جائزہ لے کر درست کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پر اس وجہ سے تنقید ہوئی ہے کہ اس نے اپنے کرکٹرز کو ابوظہبی میں کھیلی گئی ٹی ٹین لیگ میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی تھی لیکن قطر کی ٹی ٹین لیگ میں اجازت دے دی تھی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ اگر ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ نہیں ہو رہی تو کرکٹرز باہر جا کر کھیل سکیں اور تجربہ حاصل کریں۔

Exit mobile version