ہیڈلائن

ملک بھر میں تعلیمی ادارے 6 ماہ بعد دوبارہ کھل گئے

Share

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے بند ہونے والے تعلیمی ادارے 6 ماہ بعد آج سے طلبہ کے لیے مرحلہ وار دوبارہ کھول دیے گئے۔

 رپورٹ کے مطابق 15 ستمبر (آج) سے اسکولوں (صرف نویں اور دسویں جماعت)، کالجز اور جامعات مرحلہ وار دوبارہ کھول دی گئیں، جہاں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے گا جیسا کہ گزشتہ ہفتے بین الصوبائی وزرا تعلیم کی کانفرنس (آئی پی ای ایم سی) میں فیصلہ کیا گیا تھا۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے چند ہفتوں بعد، 15 مارچ سے تمام تعلیمی ادارے بند تھے جبکہ سندھ میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے ہی تعلیمی ادارے بند کردیے گئے تھے۔

تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے سے محض ایک روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کیا کہ ‘کل ہم لاکھوں بچوں کو اسکول میں خوش آمدید کہیں گے، یہ یقینی بنانا ہماری ترجیح اور اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہر بچہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے محفوظ طریقے سے اسکول جاسکے، ہم نے یہ یقینی بنانے کے لیے کام کیا ہے کہ اسکولوں کے آپریشنز کو کورونا وائرس پر صحت عامہ کے تحفظ کے قواعد کے مطابق بنایا جائے’۔

بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ منگل کا روز ملک کی تعلیم کے شعبے کے لیے بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا دوبارہ کھلنا کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن وزارت صحت کے مشورے کے بعد آئی پی ای ایم سی نے ایس او پیز کے تحت تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تعلیمی نظام آگے بڑھ سکے۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ‘اساتذہ، اسکولوں کے منتظمین اور والدین سمیت بالغ طلبا کی بھی یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ اییس او پیز پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنائیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘وفاقی وزیر ہونے کے ناطے میں دارالحکومت میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی نگرانی کروں گا، میں چند اداروں کا دورہ بھی کروں گا جبکہ صوبائی حکومت اپنے اپنے صوبوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی’۔

وزارت تعلیم کے عہدیداروں کے مطابق ایس او پیز کے اہم نکات طلباء کی تعداد میں کمی کرنا اور اسے 20 سے زائد نہ ہونے دینا (تاہم یہ کلاس روم کے سائز پر منحصر ہیں)، کلاس رومز میں سماجی دوری کو یقینی بنانا، طلباء اور اسکول کے عملے کا ماسک پہننا، اداروں میں ماسک کے بغیر داخلہ نہیں ہونا وغیرہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ جہاں ملک میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھلنے جا رہے ہیں وہیں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد پہلے ہی کم ہوکر 6 ہزار سے بھی نیچے آچکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے والدین کو تجویز دی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے ماسک پہننے سمیت ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

این سی او سی نے تجویز دی کہ ‘انہیں کھانسی اور بخار کی علامات کے ساتھ اسکول نہ بھیجیں، کورونا وائرس کی شدید علامات کی صورت میں ان کا ٹیسٹ کروائیں اور اگر رپورٹ مثبت نکلی تو تعلیمی ادارے کو آگاہ کریں، بچوں میں سماجی دوری کو یقینی بنائیں اور انہیں ہینڈ سینیائٹرز استعمال کرنے کی تجویز دیں، مزید یہ کہ ٹرانسپورٹرز کو گاڑیوں میں بھی بچوں کو اسکول منتقل کرتے ہوئے سماجی دوری برقرار رکھنا چاہیے’۔