الیکشن کمیشن کے نئے اراکین کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد -وزارت پارلیمانی امور نے الیکشن کمیشن کے نئے ممبران کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا جس کے بعد نئے ممبران آئندہ چند روز میں حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزارت پارلیمانی امور نے صدر مملکت ممنون حسین کی منظوری کے بعدالیکشن کمیشن کے نئے ممبران کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کا نوٹیفیکیشن  الیکشن کمیشن کو بھجوادیا گیا ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن کے نئے ممبرز آئندہ چند روز میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ اس سے قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی نے الیکشن کمیشن ممبران کے لئے 4 ناموں پر اتفاق کرلیا جب کہ تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ممبرز پر اعتراض اٹھایا ہے اور کمیٹی میں عوامی نیشنل پارٹی کے نمائندے نے کسی کے حق اور مخالفت میں ووٹ نہیں ڈالا۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے پنجاب سے جسٹس ریٹائرڈ الطاف ابراہیم قریشی کے نام کی منظوری دی گئی جب کہ عبدالغفار سومرو سندھ سے الیکشن کمیشن کے رکن ہوں گے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا سے جسٹس ارشاد قیصر اور بلوچستان سے جسٹس شکیل احمد بلوچ کے نام کی منظوری دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ کےعلاوہ الیکشن کمیشن ارکان کی مدت ہمیشہ 5 سال ہوگی اورآئندہ الیکشن کمیشن غیرفعال نہیں ہوگا، الیکشن کمیشن کے 4 میں سے 2 ارکان کی مدت ایک بارڈھائی سال ہوگی، باقی 2 ارکان کی مدت 5 سال ہوگی جب کہ ڈھائی سال کے لئے 2 ارکان کی مدت کا تعین قرعہ اندازی سے کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے چار اراکین ایک ماہ قبل اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہوگئے تھے اور تاحال ان عہدوں پر نئے ارکان کا تقرر نہیں کیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن غیرموثر ہوچکا ہے :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *