دنیابھرسے

ترکیہ، شام زلزلہ: ترک اداکاروں نے زلزلہ متاثرین کیلئے 6 ارب ڈالر جمع کرلیے

Share

ترکیہ کے معروف اداکاروں نے لائیو ٹیلی تھون کے ذریعے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 6 ارب ڈالر سے زائد جمع کرلیے۔

ترکیہ میڈیا ٹی آر ٹی ورلڈ کی رپورٹ کے مطابق امدادی مہم کا اہتمام ترکیہ کے 8 قومی نشریاتی اداروں اور معروف ترک فنکاروں کی جانب سے مشترکہ طور پر کیا گیا، فنکاروں نے ’ترکیہ ایک دل‘ کے نام سے لائیو ٹرانسمیشن کے ذریعے امدادی مہم کا آغاز کیا۔

زلزلے متاثرین کی مدد کے لیے ملک گیر فنڈ ریزنگ مہم میں دنیا بھر سے لاکھوں افراد نے حصہ لیا۔

اس دوران ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 6 ارب ڈالر سے زائد رقم جمع ہوئی۔

ترک صدر رجب طیب اردگان نے بھی ٹیلی تھون میں حصہ لیا اور کہا کہ مہم سے جمع ہونے والی رقم زلزلہ زدگان اور متاثرین کی بحالی کے لیے استعمال کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارا مقصد ایک سال کے اندر منہدم ہونے والی ہر عمارت کی جگہ پناہ گاہیں فراہم کرنا ہے، جہاں ہمارے لوگ محفوظ اور پرامن طریقے سے رہ سکیں، مجھے امید ہے کہ ہم مل کر ان سخت حالات پر قابو پالیں گے۔‘

امدادی مہم میں صرف ٹی وی فنکاروں نے ہی نہیں بلکہ کھیلوں، کاروبار اور فن کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی ترکیہ کی معروف شخصیات نے بھی فنڈ ریزنگ مہم میں حصہ لیا۔

لائیو مہم کی میزبانی میں شہرہ آفاق ترکی ڈراموں ’ارطغرل‘ اور ’کورلوس عثمان‘ کے فنکار نمایاں تھے۔

ترک مشہور شخصیات نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ امدادی مہم کے لیے ترک ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی اور ترک ہلال احمر کو دل و جان سے عطیہ کریں۔

یاد رہے کہ ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو بدترین زلزلہ آیا تھا جس سے ہلاکتوں کی تعداد 45 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔