دنیا کا پہلا تھری ڈی پرنٹڈ راکٹ خلا کیلئے اڑان بھرنے کو تیار
دنیا کا پہلا تھری ڈی پرنٹڈ راکٹ امریکی شہر فلوریڈا سے اپنی پہلی اڑان بھرنے کے لیے تیار ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور کمپنیاں اس سے مختلف اشیا تیار کر رہی ہیں، تاہم اب پہلی بار اس کی مدد سے ایک تھری ڈی راکٹ بھی اڑان بھرے گا۔
اس راکٹ کا نام ’ٹیران ون‘ ہے، جسے بدھ کے روز اڑان بھرنا تھی لیکن درجہ حرارت کے مسائل کی وجہ سے اسے آخری لمحات میں ملتوی کر دیا گیا تھا، تاہم راکٹ کے لانچ کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اگر راکٹ زمین کے نچلے مدار تک پہنچنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ میتھین فیول استعمال کرتے ہوئے اپنی نوعیت کا پہلا تھری ڈی پرنٹڈ راکٹ ہوگا جو فضا میں اران بھرے گا۔
WATCH: U.S. startup Relativity Space is gearing up to send its 3D-printed Terran 1 rocket into space. Senior Vice President of Revenue Operations Josh Brost says the rocket ‘has the potential to make access to space less expensive, more frequent and more reliable’ pic.twitter.com/x4M0A8pzeh
— Reuters (@Reuters) March 12, 2023
ٹیران 1 اپنی پہلی پرواز کے لیے زیادہ وزن لے کر اڑان نہیں بھرے گا لیکن جلد ہی یہ راکٹ 2 ہزار 755 پاؤنڈ تک کا وزن رکھنے کے قابل ہو جائے گا، راکٹ کی لمبائی 110 فٹ ہے۔
کیلیفورنیا کے شہر لانگ بیچ کی کمپنی کے مطابق یہ اب تک کا سب سے بڑا تھری ڈی پرنٹڈ پروجیکٹ ہے جس کا مقصد ایسا راکٹ تیار کرنا ہے جو 95 فیصد تھری ڈی پرنٹڈ ہو۔
تھری ڈی پرنٹڈ راکٹ تیار کرنے والی امریکی کمپنی کو راکٹ لانچ کرنے میں 7 سال لگے اور ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ راکٹ لانچ ہونے کے بعد مستقبل میں کیا تبدیلیاں لائے گا، اس سے قبل کوئی بھی کمرشل کمپنی پہلی کوشش میں زمین کے مدار تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔