بھارت: کیرالہ میں سیاحوں کی کشتی الٹنے سے 22افراد ہلاک
بھارتی ریاست کیرالہ میں سیاحوں کی ڈبل ڈیکر کشتی الٹنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق واقعہ اتوار کو رات گئے کیرالہ کے ضلع ملاپُرم کے علاقے ساحلی علاقے تنر میں پیش آیا جہاں ریسکیو آپریشن کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود اب بھی جاری ہے۔
رات بھر درجنوں افراد آدھی ڈوبی ہوئی اس کشتی کے اندر اور اطراف میں ڈوبنے والوں کو بچانے کی آس میں مسلسل انہیں تلاش کرتے رہے، کچھ لوگوں نے رسیوں کی مدد سے اسے سنبھالا دینے کی بھی کوشش کی بقیہ لوگ پانی میں اتر کر کھڑکیوں سے کشتی کے اندر جھانک کر ڈوبنے والوں کو تلاش کرتے رہے۔
تنُر پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے اے ایف پی کو بتایاکہ ہم نے اب تک 15 خواتین سمیت 22 لاشیں نکال لی ہیں، چھ افراد ہسپتال میں زیرعلاج ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشتی میں کُل 30 افراد سوار تھے۔
مقامی اخبار اونمانوراما کے مطابق اس واقعے میں مرنے والوں میں تین بچوں سمیت ایک ہی خاندان 11 افراد بھی شامل تھے۔
ریاست کے کھیلوں اور فشریز کے وزیر وی عبدالرحمٰن نے کہا کہ مرنے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے جو اسکول کی چھٹیاں منانے کے لیے آئے ہوئے تھے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق عبدالرحمٰن نے کہا کہ چار افراد کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حادثے میں بچ جانے والوں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ کشتی میں سوار افراد میں سے اکثریت نے لائف جیکٹس نہیں پہنی ہوئی تھیں۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاپُرم میں کشتی کے حادثے میں جانوں کے نقصان پر بہت دکھ ہے۔
انہوں نے مرنے والوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ورثا کو معاوضہ دیا جائے گا۔