جمالیات

عمران خان نے پی ٹی آئی کارکنوں کا دماغی توازن خراب کردیا ہے، عفت عمر

Share

اداکارہ عفت عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنے سپورٹرز کا دماغی توازن اتنا خراب کردیا ہےکہ انہوں نے میری ماں کی پوسٹ کو بھی نہیں بخشا۔

عفت عمر اکثر و بیشتر سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا کھُل کر اظہار کرتی ہیں، انہیں کئی اکثر مداحوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے، تاہم وہ کسی کی بھی پروا کیے بغیر اپنی رائے دیتی ہیں۔

انہیں اکثر اوقات خواتین، سیاست، سماجی مسائل اور دیگر موضوعات پر بات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

حال ہی میں اداکارہ نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے سپورٹرز اتنے ظالم ہیں کہ انہوں نے میری ماں کی پوسٹ کو بھی نہیں بخشا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر عفت عمر نے اپنی والدہ کی تصویر شئیر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ میں نے ماؤں کے عالمی دن پر اپنی والدہ کی تصویر لگائی تھی لیکن پی ٹی آئی کے سپورٹرز اتنے ظالم ہیں، ان کے لیڈر نے پی ٹی آئی کارکنوں کا دماغی توازن اتنا خراب کردیا ہے کہ انہوں نے میری ماں کی پوسٹ کو بھی نہیں بخشا۔’

انہوں ویڈیو جاری کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ’آپ لوگوں نے مجھے، میرے خاوند، اور میری اولاد تک کو نہیں بخشا، لیکن ماں ایک ایسی ہستی ہے جس پر سب کو شرم آجاتی ہے۔‘

عفت عمر نے کہا کہ عمران خان اور ان کے سپورٹرز کو کسی بات پر شرم آئے، یہ ممکن نہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اداکارہ نے عمران خان اور ان کی سیاست کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نعمان اعجاز کے پروگرام ’جی سرکار‘ میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے سیاست پر بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اور خاص طور پر وزیر اعظم عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ان کا دور حکمرانی جنرل ضیاء سے بھی بدتر ہے۔

عفت عمر نے کہا تھا کہ عمران خان کے آنے سے واحد تبدیلی یہ آئی ہے کہ پہلے جن لوگوں کو سیاست نہیں آتی تھی یا جو بے وقوف تھے، اب وہ بھی سیاست کرنے لگے ہیں اور انہیں یہ یقین ہوچکا ہے کہ عمران خان کی باتوں سے تبدیلی آکر رہے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ سیاست میں ان کی کوئی دلچسپی نہیں ہے اور نہ ہی وہ کسی بھی سیاسی جماعت کو سپورٹ کرتی ہیں۔