منتخب تحریریں

ٹرمپ کی متوقع دورۂ پاکستان میں‘‘ ”win win” بنانے کی خواہش

Share

پروٹوکول کے اعتبار سے امریکی وزارتِ خارجہ کی ایلس ویلز کا مرتبہ ہماری وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کے برابر ہے۔وہ مگر ایک سپرطاقت کی نمائندہ ہیں۔امریکی وزارتِ خارجہ کی کیرئیرافسر ہیں۔ سیاسی بنیادوں پر تعینات نہیں ہوئیں۔نواز شریف کے دوسرے دورِ حکومت میں بہت متحرک سفارت کار تھیں۔ان کی تعیناتی کے دوران جنرل مشرف نے نواز شریف حکومت کا تختہ اُلٹا تھا۔ وہ 12اکتوبر1999سے کئی ہفتے قبل ہی اپنی ’’معصومانہ‘‘ گفتگو سے اس ’’واقعہ‘‘ کا انتظار کرتی سنائی دیتی تھیں۔ بطوررپورٹر دوتین بار ان کے گھر ہوئی کھانے کی دعوتوں میں بھی مدعو کیا گیا تھا۔بہت خوش خلق ہیں۔ان سے ’’خبر‘‘ نکلوانا مگر ناممکنات میں شمار ہوتا تھا۔پاکستان میں کئی برس گزارنے کے بعد انہوں نے بھارت میں بھی اپنے ملک کی دلّی میں تعینات ہوتے ہوئے نمائندگی کی ہے۔واشنگٹن کی خارجہ امور سے متعلق Establishment انہیں جنوبی ایشیاء کا ماہر تصور کرتی ہے۔ ہمارے خطے کے بارے میں اُس کی پالیسی کی تشکیل میں ایلس ویلز کا Inputبسااوقات کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

ایلس ویلز ان دنوں اسلام آباد میں ہیں۔شنید ہے کہ 22جنوری تک اسی شہر میں موجود رہیں گی۔پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ان کی تفصیلی ملاقاتیں ہونا ہیں۔خارجہ امور کے بارے میں ان دنوں رپورٹنگ پرمامور میرے کئی دوستوں نے ٹھوس اطلاعات تک رسائی کے بغیر یہ طے کرلیا ہے کہ اپنے قیامِ پاکستان کے دوران ایلس ویلز شاید افغانستان کے حوالے سے زلمے خلیل زاد کے توسط سے ہوئے ممکنہ معاہدہ کو کوئی حتمی شکل دینا چاہیں گی۔

اپنے گھر تک محدود ہوا محض اپنے تجربے اور مشاہدے کی بناء پر لیکن میں یہ دعویٰ کرنے کو مجبور ہوں کہ محترمہ ایلس ویلز کے موجودہ دورئہ پاکستان کا اصل مقصد یہ طے کرنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جنوری کے اختتامی یا فروری کے ابتدائی ایام میں پاکستان آمد کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔مجھے گماں ہے کہ چاہے چند گھنٹوں کو سہی،ٹرمپ ان دنوں میں پاکستان ضرور آئیں گے۔ ان کا اسلام آباد نہ آنا پاکستان کے لئے بہت شرمندگی کا باعث ہوگا۔ان دنوں میں ’’ذرائع‘‘ کی شفقت سے قطعاََ محروم ہوں۔یہ ’’خبر‘‘ مگر کئی روز سے امریکی میڈیا میں پھیل چکی ہے کہ صدر ٹرمپ فروری 2020میں اپنے دورئہ بھارت کی تیاری کررہے ہیں۔بھارت کے ایک ویب اخبار The Printنے مگر اتوار کی شب یہ دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ کا اب جنوری کے آخری ہفتے میں دلّی آنا طے پاچکا ہے۔اس نیٹ ورک کی رپورٹر نے اطلاع یہ بھی دی ہے کہ فروری کے بجائے جنوری کے آخری دنوں میں بھارت آنے کافیصلہ ٹرمپ نے بھارتی وزیر اعظم کے ساتھ ہوئی اس گفتگو کے دوران کیا جو ٹیلی فون کے ذریعے نئے سال کی مبارک دینے کے نام پر ہوئی تھی۔مذکورہ رپورٹر کو گماں ہے کہ امریکی صدر بھارت کے یومِ جمہوریہ -جو 26جنوری کو منایا جاتا ہے-کے چند ہی دن بعد دلّی آئے گا۔بھارتی دارالحکومت کے ان دو پنج ستاری ہوٹلوں میں جہاں غیر ملکی سربراہان ٹھہرائے جاتے ہیں۔’’سکیورٹی‘‘ کے انتظامات شروع ہوگئے ہیں۔ان ہوٹلوں میں عمومی گاہکوں کو جنوری کے آخری دنوں میں قیام کی بکنگ نہیں دی جارہی۔اپنی ’’خبر‘‘ کے اختتام پر رپورٹر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ’’شاید‘‘ صدر ٹرمپ بھارت کے بعد افغانستان اور پاکستان بھی جائیں گے۔’’شاید‘‘ کے استعمال کو میںجبلی طورپر درست قرار نہیں دے سکتا۔ٹھوس اطلاعات تک رسائی اور ’’ذرائع‘‘ کی شفقت سے محرومی کے باوجود بلکہ یہ دعویٰ کرنے کو مجبور ہوں کہ فروری تک انتظار کرنے کے بجائے ٹرمپ نے جنوری کے اختتامی دنوں میں جنوبی ایشیاء کا سفر کرنے کا ارادہ اس لئے باندھا ہے کہ اسے یقین دلوایا گیا ہے کہ اس ماہ کے اختتام تک طالبان اور زلمے خلیل زاد کے مابین کئی ماہ سے دوحہ میں جاری مذاکرات کی بدولت بالآخر ایک معاہدہ برسرِعام آجائے گا۔اپنے دورئہ جنوبی ایشیاء کو ’’کامیاب اور تاریخی‘‘ ثابت کرنے کے لئے ٹرمپ اسی باعث بھارت سے زیادہ افغانستان اور پاکستان آنے کو بے چین ہوگا تانکہ اسی کی موجودگی میں افغانسان میں قیام امن والے معاہدے پر دستخط ہوں ۔وہ امریکی عوام کے سامنے یہ بڑھک لگاسکے کہ بالآخر اس نے اپنے ملک کی افواج کو افغانستان سے باہر نکالنے کی راہ نکال لی ہے۔یہ کام کردکھایا تو بہت ہی ’’دانشور‘‘ تصور ہوتا اوبامہ اپنی تمام تر خواہش کے باوجود آٹھ سالہ دورِ اقتدار میں بھی حاصل نہ کرپایا۔بھارت میں قیام کے دوران بھی ٹرمپ مودی سرکار سے ’’کچھ‘‘ لیتا ہی نظر آئے گا۔وائٹ ہائوس پہنچنے کے بعد سے ٹرمپ مسلسل یہ شکایت کئے چلے جارہا ہے کہ اس کے ملک کو باہمی تجارت کے نام پر چین اور بھارت ’’چونا‘‘ لگارہے ہیں۔چین کے ساتھ اس نے ایک تجارتی معاہدے پر کئی ماہ تک پھیلے تنائو کے بعد حال ہی میں دستخط کئے ہیں۔بھارت کے ساتھ بھی اب ایسا ہی ایک معاہدہ ہوگا۔ اس پر دستخط کے بعد وہ امریکی عوام کے سامنے یہ بڑھک لگاسکے گا کہ بھارت کی منڈی کو امریکی اشیائے صرف کی فروخت کے لئے تقریباََ Openکروالیا گیا ہے۔مودی سرکار بھی اس معاہدے کو Win-Winبناکر پیش کرے گی۔ بھارت کی بے تحاشہ مصنوعات پر گزشتہ برس کے اپریل میں ٹرمپ انتظامیہ نے بھاری ڈیوٹی عائد کردی تھی۔ اس کی وجہ سے بھارتی معیشت پر چھائی کسادبازاری میں مزید اضافہ ہوا۔بھارتی برآمدات کو امریکی منڈی تک رسائی میں سہولت میسر ہوئی تو مودی سرکار اپنے سیٹھ مداحین سے واہ واہ کروائے گی۔بطورپاکستانی میں فقط یہ جاننا چاہتا ہوں کہ ٹرمپ اپنے ممکنہ دورئہ پاکستان کے دوران ہمارے ساتھ Win-Winکی کیا صورت بنائے گا۔ طالبان کے ساتھ امن معاہدے میں کلیدی کردار ادا کرنے کے بارے میں اس کی جانب سے محض ہماری ’’تعریف‘‘ اور شکرگزاری کے الفاظ ہماری شادمانی کا باعث نہیں ہوسکتے۔ یہ وعدہ بھی شاید کافی نہیں ہوگا کہ پاکستان کو FATFکی گرے لسٹ سے باہر نکلوانے میں امریکہ اپنا اثرورسوخ پوری قوت ودیانت داری سے استعمال کرے گا۔

5اگست 2019کے دن سے 80لاکھ کشمیری دُنیا کی وسیع ترجیل میں محصور ہوچکے ہیں۔ان کو موبائل فونز اور انٹرنیٹ تک وہ رسائی بھی میسر نہیں جو دُنیا کے پسماندہ ترین ملکوں میں بھی میسر ہے۔کشمیر پر نازل ہوئے تازہ ترین عذاب میں کسی ٹھوس نرمی کے بغیر ٹرمپ کی دورئہ بھارت کے دوران مودی سے ’’جپھیاں‘‘ درحقیقت یہ پیغام دیں گی کہ ٹرمپ انتظامیہ 5اگست 2019کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے والے فیصلے کو بھارت کا ’’اندرونی معاملہ‘‘قرار دیتی ہے۔ٹرمپ یقینا ایک کاروباری آدمی ہے۔’’دھندے‘‘ پر توجہ مرکوز رکھتا ہے۔ ’’انسانی حقوق‘‘ اس کی نظر میں اہمیت کے حامل نہیں۔اسے بھارت کے ساتھ اپنی ترجیح کے مطابق تجارتی معاہدہ درکار ہے۔کشمیر مگر 70برس سے پاکستان کی ’’شہ رگ‘‘ ٹھہرایا گیا ہے۔افغانستان میں امریکی مشکلات کے ازالے میں مدد فراہم کرنے کے بعد ہم پاکستانیوں کا یہ حق اور فریضہ ہے کہ ہم اپنے ’’تعاون‘‘ کے عوض 80لاکھ کشمیریوں کی اذیت میں ازالے کے لئے اب امریکی کردار کا تقاضہ کریں۔کشمیر کے تناظر میں تقاضہ ہی کافی نہیں۔ہماری معیشت فقط FATFکی گرے لسٹ کی وجہ ہی سے مشکلات کا شکار نہیں۔ہمارے ہاں بہت شدت سے پھیلتی مہنگائی اوربے روزگاری کا اہم سببIMFسے ہوا ایک معاہدہ بھی ہے۔اس معاہدے کی وجہ سے بجلی اور گیس کے نرخوں میں ہر ماہ اضافہ ہوئے چلاجارہا ہے۔سٹیٹ بینک کی ’’خودمختاری‘‘ بھی ہماری معیشت کا کئی اعتبار سے گلاگھونٹ رہی ہے۔

IMFکی فیصلہ سازی میں امریکی اثرورسوخ کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔وقت آگیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کو قائل کیا جائے کہ IMFکے ساتھ ہوئے معاہدے کی شرائط کو نرم بنانے کے لئے وہ اپنا کردار ادا کرے۔ہمیں افغانستان میں ’’مثبت کردار‘‘ ادا کرنے کی بناء پرشکرگزاری کے الفاظ ہی سے نہ بہلایا جائے۔کئی برسوں سے ہم امریکہ سے اپنی مصنوعات خاص کر ٹیکسٹائل کے حوالے سے ویسی ہی سہولتیں طلب کررہے ہیں جوبنگلہ دیش کو میسر ہیں۔بنگلہ دیش اب جنوبی ایشیاء میں شرح نمو کے حوالے سے نمبر ون ملک بن چکا ہے۔پاکستان کی معیشت کمزور ترین نظر آرہی ہے۔ ورلڈ بینک کی کئی رپورٹیں ہماری کمزوری کو ٹھوس اعداوشمار کے ذریعے عیاں کررہی ہیں۔ افغانستان کے ضمن میں ’’مثبت کردار‘‘ ادا کرنے کے عوض پاکستان کی معاشی مشکلات کے ازالے کی لہذا امریکہ کو بھی کوئی صورت نکالنا ہوگی۔ ٹرمپ کی محض چند گھنٹوں کے لئے اسلام آباد آمد اس ضمن میں کافی نہیں۔