جنگ زدہ افغانستان میں امن کیلئے امریکا-طالبان معاہدے پر دستخط آج ہوں گے
افغانستان میں2001 میں نیویارک کے ٹوئن ٹاور پر حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے خاتمے کے لیے 2 متحارب فریقین امریکا اور طالبان کے درمیان تاریخی معاہدے پر آج دستخط ہوجائیں گے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے اس معاہدے میں طالبان کی جانب سے افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے کی ضمانت دی جائے گی جبکہ امریکی افواج بتدریج افغانستان سے نکل جائیں گی۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان نمائندگی کریں گے اور اس موقع پر 50 ممالک کے نمائندوں کی شرکت بھی متوقع ہے جبکہ معاہدے پر دستخط کے پیِشِ نظر طالبان کا 31 رکنی وفد قطر کے دارالحکومت پہنچا۔
مذکورہ معاہدے کے نتیجے میں کابل حکومت اور طالبان میں بات چیت ہونے کی توقع ہے جو اگر کامیاب ہوئے تو افغان جنگ بالآخر اختتام پذیر ہوجائے گی۔تحریر جاری ہے
تاہم اس حوالے سے افغان حکومت کی پوزیشن اب تک غیر واضح ہے جسے امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے براہِ راست مذاکرات سے الگ رکھا گیا تھا، جبکہ ملک میں صدارتی انتخاب کے نتائج آنے کے بعد سیاسی بحران بھی جنم لے چکا ہے۔
افغان حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ دوحہ میں طالبان سے معاہدہ ہوجانے کے بعد امریکا کابل میں افغان حکومت کے ساتھ ایک علیحدہ تقریب منعقد کرے گا۔
یہ بات مدِ نظر رہے کہ معاہدے پر دستخط سے قبل ایک ہفتے تک دونوں فریقین نے باہمی اعتماد سازی کے تشدد میں کمی کے سمجھوتے پر عمل کیا تھا۔
خیال رہے کہ امریکا کے 12 سے 13 ہزار فوجی اس وقت افغانستان میں موجود ہیں جس میں معاہدے کے چند ماہ کے عرصے میں کمی کر کے 8 ہزار 600 کردی جائے گی جبکہ مزید کمی طالبان کی افغان حکومت سے روابط پر منحصر ہے جنہیں وہ کٹھ پتلی حکومت کہتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان افغانستان میں جنگ کے خاتمے اور امریکی افواج کے انخلا کے لیے بات چیت کا سلسلہ تقریباً ڈیڑھ برس سے جاری تھا جس میں طالبان کے حملے میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے باعث گزشتہ برس ستمبر میں تعطل آیا تھا تاہم مذاکرات دسمبر میں بحال ہوگئے تھے۔
افغان مستقبل تاحال غیر یقینی
معاہدے پر دستخط ہونے کے باوجود افغان مستقبل غیر یقینی ہے کیوں کہ اس معاہدے کے بعد افغان دھڑوں سے امن مذاکرات کیے جائیں گے جو ممکنہ طور پر پیچیدہ ہے۔
امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ معاہدے کے تحت افغان جیلوں سے 5 ہزار طالبان قیدی رہا ہونے ہیں لیکن اس حوالے سے کوئی معلومات نہیں کہ افغان حکومت اس پر عمل کرے گی یا نہیں۔
اس کے ساتھ یہ سوالات بھی موجود ہیں کہ کیا طالبان جنگجوؤں کے ساتھ وفادار دیگر وار لارڈز غیر مسلح ہونے کے لیے تیار ہوں گے۔
مزید یہ کہ طالبان کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے خواتین کے حقوق کے حوالے سے حاصل ہونے والے فوائد کا کیا ہوگا جنہیں طالبان نے شرعی قوانین کے نعرے کے تحت خاصی پابندیوں میں رکھا ہوا تھا۔
یہ بھی واضح رہے کہ جارج ڈبلیو بش اور باراک اوبامہ کی حکومتوں کو بھی افغانستان میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے سب سے زیادہ تشویش تھی۔
معاہدے سے 18 سالہ تنازع ختم ہونے کا امکان ہے، ڈونلڈ ٹرمپ
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغان عوام پر نئے مستقبل سے فائدہ اٹھانے کے لیے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے 18 سالہ تنازع ختم ہونے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر طالبان اور افغانستان کی حکومت ان وعدوں پر قائم رہتے ہیں تو ہمارے پاس افغانستان میں جنگ ختم کرنے اور اپنے فوجیوں کو گھر واپس لانے کا بہترین راستہ ہوگا‘۔
امریکی صد نے کہا کہ وہ امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو کو معاہدے پر دستخط کا مشاہدہ کرنے کے لیے بھیج رہے ہیں اور سیکریٹری دفاع مارک ایسپر کابل حکومت کے ساتھ علیحدہ سے مشترکہ اعلامیہ جاری کریں گے۔
طالبان کے لیے معاہدے کی شرائط سخت نہیں، ملا عبدالسلام
برطانوی نشریاتی ادارے انڈیپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے طالبان رہنما اور پاکستان میں طالبان حکومت کے سابق سفارتکار ملا عبدالسلام ضعیف نے کہا کہ طالبان کے لیے معاہدے کی شرائط سخت نہیں ہے سوائے اس کے کہ افغان تنازع سیاسی بات چیت کے ذریعے حل ہو۔
انہوں نے کہا کہ طالبان نے اس پر مشورہ بھی کیا ہے کیوں کہ طالبان نہیں چاہتے کہ سوویت یونین کے نکلنے کے بعد افغانستان میں مجاہدین والا تجربہ دہرایا جائے بلکہ ان کی خواہش ہے کہ جنگ کے بعد افغانستان میں سیاسی عمل شروع ہو جو صلح اور اتفاق سے ہی ممکن ہے جو افغانوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ 2001 میں امریکا نے افغانستان میں جو لڑائی شروع کی، اس کا انتخاب افغانستان کے لوگوں یا طالبان نے نہیں کیا تھا بلکہ وہ لڑائی افغانستان پر مسلط کی گئی تھی امریکہ نے پوری طاقت، غرور، دنیا اور پڑوسیوں کی مدد سے افغانستان پر حملہ کیا۔
2008 میں امریکہ اور دنیا کی سوچ میں تبدیلی پیدا ہوئی کہ افغانستان کو طاقت کے استعمال سے نہیں چلایا جا سکتا، بلکہ ایک سیاسی عمل کی ضرورت ہے لیکن طالبان نے وہ سب کچھ اس طرح نہیں مانا جس طرح امریکا چاہتا تھا تو طالبان کی سوچ میں نہیں بلکہ دراصل امریکا کی سوچ میں تبدیلی پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ معاہدے میں طالبان کی تمام شرائط تسلیم کی گئی ہے اور امریکا کی شرائط کچھ ایسی ہیں کہ افغانستان افغانوں کا ہو اور کسی کے خلاف استعمال نہ ہو، افغان بھی یہی چاہتے ہیں اگرچہ اس سے قبل ایسا ہوچکا ہے لیکن مستقبل میں افغانستان صرف افغانوں کا ہوگا اور کسی کا نہیں جبکہ یہاں کوئی دخل اندازی بھی نہیں کرسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے اپنی شرائط منوانے کی کوشش کی لیکن وہ تسلیم نہیں کی گئیں، امریکا نے تقریباً اس بات پر رضامند ہیں کہ وہ 14 ماہ میں افغانستان سے انخلا کردیں گے جو اچھی بات ہے۔
افغان حکومت کے ساتھ بات کی شرط معاہدے میں شامل ہونے کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ افغانوں کے درمیان مذاکرات ہوں گے یہ وہ مشکل کام ہے جس کا طالبان کو سامنا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ طالبان نے اب تک جو بات چیت کی ہے وہ افغانستان اسلامی امارت کے نام سے کی اور جو معاہدہ ہو رہا ہے، وہ بھی اسی نام سے ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان اپنی امارت سے دستبردار نہیں ہوئے، جب وہ امارت پر ڈٹے ہوئے ہیں تو دوسری کسی حکومت کا وجود نہیں مان سکتے۔
حکومت چلانے میں ماضی کی غلطیوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انسان سے غلطیاں ہوتی ہیں لیکن عقل مند وہ ہوتے ہیں جو غلطیوں کو مانتے ہوئے انہیں دہرانے سے اجتناب کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کی تحریک کے آغاز اور آج میں یہ فرق ہے کہ طالبان کے علم، سفارت کاری اور تجربے میں فرق آیا ہے جو اب بین الاقوامی ہو گیا ہے اور یہ خاصہ مثبت ثابت ہوگا۔
افغانستان میں امن سے خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، وزیر خارجہ
اس تاریخی موقع کے حوالے سے قطر میں مقیم پاکستانیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ امریکہ اورافغان طالبان کے درمیان امن معاہدے سے خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن سے وسطی ایشیا کے ساتھ ہمارے روابط بڑھیں گے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ امن واستحکام سے پاکستان اورافغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے شاندار مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن سے پاکستان کوکاسا1000منصوبے سے استفادہ کرنے اورملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔