پاکستان میں کورونا کیسز 75 ہزار کے قریب، 27 ہزار سے زائد صحتیاب
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اور آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 74 ہزار 667 جبکہ اموات 1576 تک پہنچ گئی ہیں۔
سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 347 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
تاہم اگر ملک میں اعداد و شمار کے اضافے کو دیکھیں تو وہ ایک تشویشناک صورتحال کا اشارہ ہے۔
ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کو اگر دیکھیں تو ابتدا 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے 31 مارچ تک مریضوں کی تعداد تقریباً 2 ہزار جبکہ 18 مارچ کو پہلی ہلاکت کے بعد اس ماہ کے آخر تک یہ تعداد 26 تک پہنچی تھی۔
تاہم اپریل میں ان کیسز میں اضافہ ہوا اور اسی ماہ کے اختتام تک ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات بھی بڑھ کر 385 ہوگئیں۔
جس کے بعد مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور صرف 31 دنوں میں کیسز میں 54 ہزار جبکہ اموات میں 1100 سے زائد کا اضافہ ہوا اور مجموعی کیسز 71 ہزار سے زائد اور اموات 1500 سے بڑھ گئیں۔
بعد ازاں جون کا آغاز بھی کچھ اچھا ثابت نہیں ہوا اور ایک دن میں ڈان نیوز کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 3 ہزار 252 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے جبکہ 54 اموات بھی ہوئیں۔
آج (2 جون) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات سامنے آئیں۔
اسلام آباد
اسلام آباد جو ابتدا میں وائرس سے کافی کم متاثر تھا وہاں اب کیسز میں درجنوں کے بجائے سیکڑوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ایک روز میں مزید 304 نئے مریضوں کی تصدیق ہوگئی جبکہ 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
اس نئے اعداد و شمار کے بعد اسلام آباد میں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 2589 سے بڑھ کر 2893 تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا اور یہ 28 سے بڑھ کر 30 ہوگئی۔
گلگت بلتستان
وہیں گلگت بلتستان میں بھی کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 27 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد وہاں مجموعی کیسز 711 سے بڑھ کر 738 تک پہنچ گئی۔
آزاد کشمیر
ادھر آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے مزید 16 نئے متاثرین سامنے آگئے۔
واضح رہے کہ اس وقت ملک میں سب سے کم متاثر علاقہ آزاد کشمیر ہے۔
ان نئے متاثرین کے بعد وہاں اب تک مجموعی طور پر وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد 255 سے بڑھ کر 271 ہوگئی۔
صحتیاب افراد
دوسری جانب ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک مجموعی کیسز کی ایک بڑی تعداد شفایاب ہوچکی ہے۔
نئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ایک ہزار 27 ایسے مریض تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی۔
جس کے بعد اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 26 ہزار 83 سے بڑھ کر 27 ہزار 110 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔
مصدقہ کیسز: 74667
اموات: 1576
صحتیاب 27110
فعال کیسز: 45981
اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 29 ہزار 647 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 26 ہزار 240 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 10 ہزار 485 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 4 ہزار 393 ہے۔
اسلام آباد میں 2893، گلگت بلتستان میں 738 اور آزاد کشمیر میں 271 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔
سندھ: 503
پنجاب: 497
خیبرپختونخوا: 482
بلوچستان: 47
اسلام آباد: 30
گلگت بلتستان:11
آزاد کشمیر: 06