کھیل

کسی کے کہنے پر کرکٹ نہیں چھوڑوں گا، محمد حفیظ

Share

پاکستان ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے دورہ انگلینڈ پر بہترین پرفارمنس کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی کے کہنے پر کرکٹ نہیں چھوڑیں گے اور ٹی20 ورلڈ کپ میں ضرور شرکت کریں گے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے ویڈیو لنک کے ذریعے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں کرکٹ میں تبدیلیوں پر اعتراض کرنے کے بجائے ہمیں یہ خوشی ہونی چاہیے کہ کھیل پھر سے شروع ہورہا ہے۔

اپنی ریٹائرمنٹ اور پرفارمنس کے حوالے سے آل راؤنڈر نے رمیز راجا کا نام لیے بغیر کہا کہ چاہے کوئی کچھ بھی کہتا ہے کہتا رہے لیکن میں اپنی مرضی سے کرکٹ چھوڑوں گا ‘کیونکہ میرا کیریئر میری مرضی’۔‎

حفیظ نے کہا کہ میں نے 17سال پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور اپنی سلیکشن کے ساتھ انصاف کیا ہے، آئندہ بھی اپنی سلیکشن سے انصاف کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹی20 ورلڈکپ کے بعد کرکٹ چھوڑ دیں گے لیکن اب ٹی20 ورلڈکپ یا اس سال ہو یا پھر اگلے سال ہو وہ ضرور کھیلیں گے۔

ورلڈکپ میں بھارت اور انگلینڈ کے میچ پر آل راؤنڈر نے کہا کہ وہ میچ کسی کو بھی فیئر نہیں لگا تاہم بین اسٹوکس نے کتاب میں یہ کیوں لکھا اس کی وضاحت وہ خود کرسکتے ہیں.

حفیظ کا کہنا تھا کہ آپ وہ میچ کسی بھی فین کو دکھادیں تو فین سو مرتبہ دیکھ کر بھی یہی کہے گے کہ بھارتی ٹیم اس میچ میں جیتنا ہی نہیں چاہ رہی۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل رمیز راجا نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کو اب عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے۔

ویڈیو کانفرنس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ’میں کسی کھلاڑی پر ذاتی رائے دینے سے گریز کرتا ہوں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کی کرکٹ کے لیے بہت سی خدمات دی ہیں تاہم اب مجھے لگتا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ وہ باعزت ریٹائر ہوجائیں‘۔