سائنس

انسانوں کےلیے ’ذہین دڑبا‘ جس میں چار افراد رہ سکتے ہیں

Share

سنگاپور: زمین پر بڑھتی ہوئی انسانی آبادی کے نتیجے میں رہائش کےلیے جگہ بھی کم سے کم ہوتی جارہی ہے لیکن سنگاپور کی ایک کمپنی ’نیسٹرون‘ نے اس مسئلے کا حل ’’کیوب ٹو‘‘ نامی مختصر سے مکان کی شکل میں پیش کیا ہے جس کا رقبہ صرف 24.4 مربع میٹر ہے اور جس میں تین سے چار افراد آرام سے رہ سکتے ہیں۔

یہ اتنا چھوٹا ہے کہ اسے انسانی رہائش کےلیے ’جدید اور ذہین دڑبہ‘ کہنا زیادہ مناسب ہوگا کیونکہ اس میں جگہ کا استعمال مفید سے مفید تر بنانے اور رہنے والوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچانے کی غرض سے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا ہے۔

نیسٹرون کا کہنا ہے کہ ’کیوب ٹو‘ اتنا جدید ہے کہ اسے زمین پر چھوٹے سے خلائی جہاز کی طرح بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔ البتہ اس کی قیمت بھی بہت زیادہ ہے جو بنیادی اجزاء سمیت 52 ہزار ڈالر یعنی تقریباً 87 لاکھ پاکستانی روپوں کے برابر ہے۔ لیکن اگر اس میں مکان کی ترسیل (شپنگ) اور دیگر لوازمات کی لاگت بھی شامل کرلی جائے تو یہ ایک کروڑ پاکستانی روپوں سے بھی زیادہ ہوگا۔

کمپنی کا دعوی ہے کہ اتنا مختصر ہونے کے باوجود اس میں نہ صرف تمام تر ضروریاتِ زندگی دستیاب ہیں بلکہ اپنی بہترین انسولیشن کی بدولت یہ اپنے مکینوں کو شدید سردی سے لے کر شدید گرمی تک، ہر طرح کے موسم کی سختیوں سے محفوظ رکھتا ہے۔

ڈیزائن پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اس میں روایتی مکانات کی نسبت جگہ کا استعمال 15 فیصد تک بہتر بنایا گیا ہے، یعنی کم جگہ میں زیادہ گنجائش فراہم کی گئی ہے۔

’کیوب ٹو‘ کا ہر نظام مصنوعی ذہانت (آرٹی فیشل انٹیلی جنس یعنی ’اے آئی‘) سے لیس اور مکان کے باقی تمام نظاموں کے ساتھ مربوط بھی ہے۔

دلچسپی کی بات تو یہ ہے کہ ان میں سے ہر نظام اپنے مکینوں کی پسند و ناپسند کو مدنظر رکھتے ہوئے ’’سیکھنے‘‘ کا عمل بھی جاری رکھتا ہے اور اپنی کارکردگی کو مسلسل بہتر بناتا رہتا ہے۔

خصوصی کھڑکیوں کی بدولت اسے دن کے اوقات میں مصنوعی روشنی کی ضرورت نہیں پڑتی جبکہ مؤثر انسولیشن کے باعث یہ کسی بھی موسم میں بہت کم بجلی استعمال کرتا ہے۔

اس میں اٹیچڈ باتھ، کچن، بیڈ روم اور ڈائننگ روم بھی بہت کم جگہ میں بڑی مہارت سے سموئے گئے ہیں۔

مسہریوں، میزوں اور کرسیوں سمیت ’کیوب ٹو‘ کا بیشتر فرنیچر اس کی بنیادی قیمت میں شامل ہے۔ تاہم اگر کوئی اضافی سامان بھی شامل کروانا چاہے تو اس کی قیمت علیحدہ سے ہوگی۔