سائنس

کیا واقعی یکم دسمبر سے پاکستان میں گوگل پلے اسٹور بند ہوجائے گا؟

Share

ملک بھر میں 26 نومبر کو ٹوئٹر پر ’گوگل پلے اسٹور‘ کا ٹرینڈ اس وقت ٹاپ پر آگیا جب میڈیا میں خبریں شائع ہوئیں کہ یکم دسمبر سے ملک میں گوگل پلے اسٹور کی سروسز بند ہونے کا امکان ہے۔

مذکورہ خبر سامنے آنے کے بعد لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ’گوگل پلے اسٹور‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ اسٹور کی سروس کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے۔

ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن جانے کے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی کہ یکم دسمبر کے بعد بھی ملک میں گوگل پلے اسٹورز کی مفت سہولیات برقرار رہیں گی۔

وزارت کی جانب سے کی گئی سلسلہ وار ٹوئٹس میں تصدیق کی گئی کہ مرکزی بینک کی جانب سے ڈائریکٹ کیریئر بلنگ (ڈی سی بی) کے طریقہ کار کو تبدیل کیے جانے کی وجہ سے عالمی انٹرنیٹ ٹیکنالوجی اداروں کو موبائل سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کی ادائیگیاں رک گئیں۔

ممکنہ طور پر یکم دسمبر کے بعد بعض کاروباری اداروں، ای کامرس کمپنیوں اور پیمنٹ سمیت دیگر آن لائن کاروباری خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو مشکلات پیش آئیں، تاہم عام صارفین کو مفت ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت دستیاب ہوگی۔

گوگل پلے اسٹور کے پاکستان میں بند ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر پو لوگوں نے اس حوالے سے طرح طرح کی میمز بھی شیئر کیں۔