ایمبر ہرڈ نے ہالی ووڈ کو خیرباد کہہ دیا، اسپین منتقل
ہولی ووڈ کی نامور اداکارہ ایمبر ہرڈ نے عارضی طور پر ہالی ووڈ سے دوری اختیار کرلی، اداکارہ اپنی دو سالہ بیٹی کے ساتھ اسپین منتقل ہوگئی ہیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ کے اپنے سابق شوہر اور ہالی ووڈ کے مشہور اداکار جونی ڈیپ کے ساتھ طویل عرصے سے کشیدہ تعلقات تھے جس کے بعد انہوں نے 2016 میں اپنے سابق شوہر پر گھریلو تشدد کے الزامات لگائے تھے۔
تاہم جب یہ معاملہ عدالت پہنچا تو کیس کا فیصلہ جونی ڈیپ کے حق میں آیا۔
اس کیس کے فیصلے کے تقریباً ایک سال بعد ڈیلی میل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ایمبر ہرڈ نے فلم انڈسٹری چھوڑ دی ہے، اب وہ اپنی 2 سالہ بیٹی کے ساتھ اسپین منتقل ہوگئی ہیں جہاں وہ اپنی زندگی کی نئی شروعات کریں گی۔
ڈیلی میل کی صحافی نے بتایا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ ایمبر ہرڈ ہولی ووڈ میں دوبارہ کام کرنے میں جلد بازی کریں گی لیکن شاید وہ صحیح وقت آنے پر یا بہتر پروجیکٹ کی آفر ہونے پر واپس آسکتی ہیں‘۔
’وہ اسپین میں خوش ہیں اور تمام شور و غل سے دور اپنی بیٹی کی پرورش کررہی ہیں‘
ایمبر ہرڈ نے میگا بجٹ فلم ایکوامین اور دی لوسٹ کنگڈم 2021 کے بعد سے کسی فلم میں کام نہیں کیا، ایکوامین ایمبر ہرڈ کے کیریئر کی سب سے کامیاب فلم تھی۔
ہولی وڈ کا وہ مقدمہ جس پر دنیا بھر کی نگاہیں جمی رہیں
ہولی وڈ کی جانی مانی شخصیات ایمبر ہرڈ اور جونی ڈیپ نے 2015 میں دونوں کی شادی کی تھی۔
تاہم شادی کے 15 ماہ بعد دونوں نے علیحدگی کا اعلان کر دیا، ایمبر ہرڈ لاس اینجلس کی ایک عدالت میں گال پر چوٹ کے ساتھ پیش ہوئیں اور انہوں نے طلاق کی درخواست کے ساتھ عدالت سے استدعا کی کہ جونی ڈیپ کو ان سے دور رہنے کا حکم دیا جائے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے سابقہ شوہر نے ان پر پُرتشدد حملہ کیا اور ایک موبائل فون بہت زور سے ان کی جانب پھینکا، انہوں نے عدالت میں یہ بھی الزام لگایا کہ جونی ڈیپ نے ان پر لفظی، جذباتی اور جسمانی تشدد کیا۔
ایمبر کی جانب سے الزام لگانے کے بعد یہ ہولی وڈ کا ایک ہائی پروفائل کیس عالمی سطح پر سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا۔
اس کے بعد جونی ڈیپ نے اپنی سابق اہلیہ ایمبر ہرڈ پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے 5 کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کردیا تھا۔
تاہم عدالت میں کیس کی طویل کارروائی کے بعدجون 2022 میں فیصلہ ہوا کہ ایمبر ہرڈ کے بیانات ’جھوٹے‘ تھے اور انہوں نے ’بددیانتی‘ سے کام لیا تھا۔
ایمبر ہرڈ کو ہرجانے کے طور پر ایک کروڑ پچاس لاکھ ڈالر (12 ملین پاؤنڈ) ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
تاہم دسمبر 2022 میں دونوں کے درمیان ہتک عزت کے جرمانے پر تصفیہ ہوگیا تھا اور اداکارہ نے عدالتی احکامات کے برعکس ڈیڑھ کروڑ ڈالر کے بجائے 10 لاکھ ڈالر سابق شوہر کو ادا کیے تھے۔