پاکستان

بلوچستان: ایف سی کیمپ پر حملہ کرنے والے 2 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

Share

بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں ایف سی کیمپ پر حملہ کرنے والے دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ پاک فوج کے دو جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صبح کے وقت دہشت گردوں کے ایک گروہ نے بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں ایف سی کیمپ پر حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عمارت میں موجود دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے جس کے نتیجے میں ابھی تک 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیاں شدید فائرنگ جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر 12 کور مسلم باغ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں جہاں دہشت گرد عمارت کے اندر موجود ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 13 اپریل کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع تربت کے علاقے میں ہوشاب روڈ پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کر کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع تربت کے علاقہ گشکور کے ہوشاب روڈ پر دیسی ساختہ بم نصب کرنے، سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر فائرنگ کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کا آغاز کیا گیا تھا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے کی مسلسل انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے مقام کی نشاندہی کی گئی اور سیکیورٹی فورسز وہاں داخل ہوئیں، فورسز دہشت گردوں کے فرار ہونے کے راستے بند کر رہی تھیں کہ دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جب کہ دیسی ساختہ بم سمیت اسلحہ، گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا تھا۔