جاپان کے ارب پتی شخص کو چاند پر جانے کے لیے شریک حیات کی ضرورت
جاپان کے ارب پتی شخص یوساکو میزاوا ایک ایسی خاتون ’شریک حیات‘ کی تلاش میں ہیں جو چاند کے سفر میں ان کا ساتھ دے سکے۔
44 برس کے یوساکو میزاوا فیشن انڈسٹری کا بڑا نام ہیں اور وہ سٹارشپ راکٹ پر چاند کے گرد سفر کرنے والے پہلے سویلین مسافر ہوں گے۔
سنہ 2023 کے لیے بنایا گیا یہ مشن سنہ 1972 کے بعد انسانوں کا پہلا قمری سفر ہو گا۔
اپنے آن لائن پیغام میں میزاوا نے کہا ہے کہ وہ یہ تجربہ ایک ’خاص خاتون‘ کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں۔
یوساکو میزاوا حال ہی میں اپنی 27 سالہ گرل فرینڈ ایامی گوریکی سے الگ ہوئے ہیں، اور انھوں نے اپنی ویب سائٹ پر خواتین کو کہا کہ وہ اس رشتے کے لیے اسی ویب سائٹ پر درخواست داخل کریں۔۔
انھوں نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا: ’تنہائی اور خالی پن کا احساس جیسے جیسے مجھ پر طاری ہو رہا ہے، تو میں صرف ایک چیز کے بارے میں سوچتا رہتا ہوں اور وہ ہے: ’ایک عورت سے ہی پیار کرتے رہنا۔‘
انھوں نے مزید کہا: میں ایک ’شریک حیات‘ تلاش کرنا چاہتا ہوں۔ میں مستقبل کی اپنی اس ساتھی کے ساتھ خلا سے اپنے پیار اور دنیا کے امن کی آواز بلند کرنا چاہتا ہوں۔‘
ویب سائٹ پر درخواست کے تین ماہ کے عمل کا شیڈول اور شرائط بھی دی گئی ہیں۔
ڈیٹنگ پروفائل انداز میں لکھی گئی شرائط کے مطابق درخواست کنندہ کا سنگل ہونا، عمر 20 برس سے زائد، مثبت خیالی اور خلا میں جانے کے لیے دلچسپی کا ہونا ضروری ہے۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 جنوری ہے اور میزاوا کے شریک حیات کا حتمی فیصلہ مارچ کے اختتام پر کیا جائے گا۔
ایک میوزک بینڈ میں ڈرمر سے مقبولیت حاصل کرنے والے میزاوا، اپنے توجہ حاصل کرنے والے سٹنٹس کی وجہ سے بھی خاصے مشہور ہیں۔
اس ماہ کے شروع میں میزاوا نے اپنی ٹویٹس شیئر کرنے والے کسی بھی سو افراد کے درمیان دس کروڑ یین بانٹنے کا وعدہ کیا تھا۔
انھوں نے کہا ’حصہ لینے کے لیے آپ کو بس مجھے فالو کرنا ہے اور اس ٹویٹ کو شیئر کرنا ہے۔‘
کپڑوں کی آن لائن جاپانی کمپنی زوزو کے بانی میزاوا نے فیشن انڈسٹری سے دولت کمائی۔
ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کی ذاتی دولت تقریباً تین ارب ڈالر ہے، جس کا بڑا حصہ وہ آرٹ پر خرچ کرتے ہیں۔
گزشتہ برس، امریکہ کی ارب پتی کاروباری شخصیت ایلن مسک کی کمپنی سپیس ایکس کے چاند کے گرد چکر لگانے کے مشن کا پہلا نجی مسافر قرار دینے پر میزاوا کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔
میزاوا خلا میں جانے کے ٹکٹ کے لیے کتنی رقم دینے پر رضامند ہوئے،یہ سامنے نہیں آ سکا لیکن ایلسن مسک کے مطابق ’یہ بہت زیادہ رقم تھی۔‘
میزاوا کا کہنا ہے کہ وہ اس پرواز میں اپنے ساتھ فنکاروں کا ایک گروپ لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔