کھیل

پاکستان کی درخواست پر آئندہ سال نیدرلینڈز میں شیڈول ٹی20 سیریز ملتوی

Share

پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان اگلے سال شیڈول تین ٹی20 میچوں کی سیریز کو پاکستان کی درخواست پر غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

کرک انفو کے مطابق آئندہ سال مئی کے اوائل میں دورہ یورپ کے دوران پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز شیڈول تھی۔

اس دورہ یورپ کے دوران پاکستان کو آئرلینڈ کے خلاف تین اور انگلینڈ کے خلاف چار ٹی20 مچیز کھیلنے ہیں۔

یہ تمام میچز آئندہ سال جون 2024 میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل کھیلے جائیں گے جو امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا۔

نیدرلینڈز کرکٹ بورڈ کے ہائی پرفارمنس منیجر رولینڈ لیفیور نے کرک انفو کو تصدیق کی کہ دورہ ملتوی کردیا گیا ہے کیونکہ پی سی بی نے کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کے خدشات کے سبب دورے کو غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنے کی درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈز بورڈ سمجھ سکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کس مشکل میں ہے، کھیل کے مصروف شیڈول کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کا خیال رکھنا بھی اہمیت کا حامل ہے، ہم پی سی بی کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات کی قدر کرتے ہیں اور اس سیریز کا شیڈول ازسرنو مرتب ہونے کے منتظر ہیں۔

پی سی بی نے بھی تصدیق کی ہے کہ اگلے سال شیڈول ملتوی کردی گئی ہے اور وہ ایونٹ کے لیے متبادل ونڈو تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ورلڈ کپ سے قبل پاکستان سے ٹی20 سیریز کا التوا نیدرلینڈز کے لیے بڑا دھچکا ہے جو پہلے ہی عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے لیکن انہیں کسی فل ممبر ٹیم کے خلاف سیریز کھیلنے کا موقع نہیں مل سکے گا۔

پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان آج تک کوئی ٹی20 سیریز نہیں کھیلی گئی اور دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک دونوں میچز ورلڈ کپ میں ہی کھیلے گئے ہیں۔

پاکستان نے گزشتہ سال نیدرلینڈز کی تین ون ڈے میچوں کے لیے میزبانی کی تھی اور اس سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کیا تھا لیکن اس سیریز کے دو میچز انتہائی دلچسپ ثابت ہوئے تھے اور پاکستان کی ٹیم ان میچز میں بمشکل 16 اور 9 رنز سے کامیاب ہو سکی تھی۔