ہیڈلائن

سیکیورٹی خدشات پر اسلام آباد کی 4 بڑی یونیورسٹیاں غیرمعینہ مدت کیلئے بند

Share

سیکیورٹی خدشات کی بنا پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی 4 بڑی یونیورسٹیاں غیرمعینہ مدت تک کے لیے بند کردی گئی ہیں۔

’ رات گئے اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کیا، جس کے بعد تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا۔

تھریٹ الرٹ کے مطابق اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کالعدم تنظیم کی جانب سے خودکش حملے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔

الرٹ جاری ہونے کے بعد بند کی گئی یونیورسٹیز میں ایئر یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی اور قائد اعظم یونیورسٹی شامل ہیں۔

ایئر یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ائیر یونیورسٹی میں آج ہونے والا پیپر کینسل کر دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں سیکیورٹی خدشات کی بنا پر شہر میں واقع متعدد نجی اسکولز بھی بند کردیے گئے، اسکول انتظامیہ کی جانب سے والدین کو میسجز بھیجے گئے کہ بچوں کو جلد گھر لے جائیں۔

دوسری جانب سرکاری تعلیمی ادارے تاحال کھلے ہیں اور اُن کی جانب سے تاحال کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

دریں اثنا شہری انتظامیہ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔