ہیڈلائن

اسلام آباد میں دھرنے کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، جان اچکزئی

Share

نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کے مخالف اقدامات پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنے کے شرکا کے خلاف کارروائی ہوگی۔

کوئٹہ میں جان اچکزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند عناصر بیرونی آلہ کار بنے ہوئے ہیں، ریاستی اداروں کے مخالف اقدامات پر دھرنے کے شرکا کے خلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماہ رنگ بلوچ کے لانگ مارچ کو تحفظ فراہم کیا، چند عناصر اسلام آباد میں دھرنے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کررہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی دنیا کی آنکھیں بند ہیں۔

واضح رہے کہ 23 جنوری کو بلوچ یکجہتی کمیٹی نے جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف اسلام آباد میں جاری اپنا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

مظاہرین جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے این پی سی کے سامنے دھرنا دیے بیٹھے تھے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کا یہ کیمپ گزشتہ سال 22 دسمبر کو قائم کیا گیا تھا اور سخت سردی کے باوجود مظاہرین یہاں موجود رہے۔ مزید برآں، دھرنے کے منتظمین نے اسلام آباد پولیس پر الزام لگایا تھا کہ ان کے حامیوں کو ہراساں اور ان کی پروفائلنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹس (ایف آئی آر) بھی درج کی گئی۔