جمالیات

سلمان، شاہ رخ اور عامر ایک سٹیج پر: ’بالی وڈ کے فلمساز جو کام 35 برسوں میں نہ کر سکے، وہ امبانی نے کر دکھایا‘

Share

سنہ 1988 میں بالی وڈ میں ایک ایسی فلم آئی جس نے نہ صرف ایک نئی جوڑی کو متعارف کرایا بلکہ ایک نیا ٹرینڈ بھی شروع کیا۔

یہ اداکار انیل کپور اور مادھوری دیکشت کی فلم ’تیزاب‘ تھی اور اس میں ایک گیت تھا جو بعد میں شامل کیا گیا۔

گیت ’تم کو ہم دلبر کیوں مانیں‘ میں کچھ مصرعے اس طرح تھے ’اِس کو نچایا تو کیا کِیا، اُس کو نچایا تو کیا کِیا، سری دیوی کو نچاؤ تو جانیں!‘ اسی طرح ایک بند اس طرح تھا کہ ’مانا کہ اتنی دھوم سے جلسہ کرایا آپ نے، دنیا میں جو مشہور ہے سب کو بُلایا آپ نے، اس کو بُلایا تو کیا کیا، اس کو بلایا تو کیا کیا، امیتابھ کو بلاؤ تو جانیں!‘

یہ فلم انڈیا کے عرب پتی مکیش امبانی کے دوسرے بیٹے اننت امبانی کی پیدائش سے کوئی سات سال قبل اور ان کی ہونے والی اہلیہ رادھیکا مرچینٹ کی پیدائش سے کوئی چھ سال قبل ریلیز ہوئی تھی لیکن یوں لگتا ہے کہ انھوں نے اس گیت سے اس قدر ترغیب حاصل کی کہ امیتابھ سمیت دنیا بھر سے مشاہیر کا مجمعہ لگا دیا اور انڈیا کے تین موجودہ سپر سٹارز عامر خان، شاہ رخ خان اور سلمان خان کو ایک سٹیج پر اکٹھا کر دیا جبکہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور سمیت دنیا کی مشہور گلوکارہ ریحانہ کو بھی رقص کروا دیا۔

ایسے میں سوشل میڈیا پر اس بات کے چرچے ہیں کہ کون کون آیا اور کس کس کو دعوت نہیں ملی۔ اس کے ساتھ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ جو کوئی نہیں کر سکا وہ مکیش امبانی کے پیسے نے کر دکھایا!

چنانچہ سوشل میڈیا پر اس بات کا بھی شور ہے کہ ریحانہ کو ان کے پرفارمینس کے لیے کتنے پیسے دیے گئے اور دوسرے لوگوں کو کتنے پیسے دیے گئے۔

پیسوں کی باتوں سے قطع نظر آئیے ہم یہ دیکھتے ہیں کہ تینوں خان کیونکر ایک ساتھ نظر آئے کیونکہ اگر کوئی فیس ادا کی بھی گئی ہے تو نہ تو لینے والے ہی بتائیں گے اور نہ ہی دینے والے منھ کھولیں گے۔ البتہ انڈین میڈیا میں بتایا جا رہا ہے کہ گلوکارہ ریحانہ نے 50 کروڑ انڈین روپے سے زیادہ کا معاوضہ لیا ہے جبکہ فنانشل ایکسپریس کے مطابق ریحانہ پرائیوٹ پرفارمنسز کے لیے 15 لاکھ ڈالر سے 80 لاکھ امریکی ڈالر چارج کرتی ہیں۔

رام چرن تین خانوں کے ساتھ ناٹو ناٹو گیت پر رقص کرتے ہوئے نظر آئے
،تصویر کا کیپشنرام چرن تین خانوں کے ساتھ ناٹو ناٹو گیت پر رقص کرتے ہوئے نظر آئے

انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے لکھا ہے کہ انڈیا کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے بیٹے اننت کی شادی سے پہلے منعقد کی جانے والی تین روزہ تقریب میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے شاید سب سے حیرت انگیز نظارہ تین خانوں عامر، شاہ رخ اور سلمان کا ایک ساتھ آنا تھا۔

سوشل میڈیا اور انڈین میڈیا پر ان کے ایک ساتھ رقص کی ویڈیوز وائرل ہیں۔

پی ٹی آئی نے لکھا: ’شاہ رخ، سلمان اور عامر کے ایک ساتھ فلم میں کام کرنے کے منتظر شائقین کو ان کی مشترکہ سٹار پاور کی ایک چھوٹی سی جھلک اس وقت ملی جب تینوں نے رام چرن (جنوبی ہند کے معروف اداکار) کے ہمراہ ’ناٹو ناٹو‘ کے مشہور رقص پر قدم سے قدم ملانے کی کوشش کی۔‘

خیال رہے کہ اس گیت کو گذشتہ سال آسکر انعام سے نوازا گیا تھا۔

بہر حال جب ناٹو ناٹو پر ان خانوں کا زور نہ چلا تو سلمان نے چارج سنبھال لیا اور عامر اور شاہ رخ کے ساتھ اپنی فلم ’مجھ سے شادی کرو گی‘ کے اپنے ہٹ گیت ’جینے کے ہیں چار دن‘ پر اپنا جانا پہچانا رقص ’تولیہ ڈانس‘ پرفارم کیا۔

اس کے بعد عامر نے اپنی فلم ’رنگ دے بسنتی‘ کے گیت ’مستی کی پاٹھشالا‘ پر قدم تھرکنا شروع کیا تو شاہ رخ کہاں پیچھے رہنے والے تھے چنانچہ انھو ںنے اپنی فلم دل سے کے گیت ’چل چھیاں چھیاں‘ پر رنگ جمانا شروع کر دیا۔

ان خانوں کے علاوہ سیف علی خان اپنی اہلیہ کرینہ کپور کے ساتھ نظر آئے اور اس سٹیج سے گزرے جہاں پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ اپنے گیت سنا رہے تھے۔

اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی
،تصویر کا کیپشناننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی جولائی ماہ میں ہونی ہے اور یہ تقریب شادی سے پہلے والی تقریب تھی

بہر حال یہ پہلا موقع تھا کہ تین خان ایک سٹیج پر موجود تھے جبکہ چوتھا خان بھی اپنی اہلیہ کے ساتھ وہیں تھا۔ شاہ رخ اور سلمان خان کی ایک زمانے تک جاری جنگ کی بات تو آپ نے سنی ہو گی لیکن پھر انھیں ایک سیاسی رہنما بابا اعظمی کی جانب سے منعقدہ افطار پارٹی پر ایک ساتھ ایک دوسرے کو گلے لگاتے دیکھا گیا اس کے بعد سے دونوں کئی مواقع پر ساتھ نظر آئے۔

ایک بار فلم ساز فرح خان نے تینوں خانوں کو ایک ساتھ لانے کے بارے میں کہا تھا کہ ’انھیں تو خدا بھی ایک ساتھ نہیں لا سکتا ہے۔‘ اس کے بعد اس بابت گفتگو شروع ہو گئی۔

عامر خان نے اب سے کوئی 30 برس قبل سلمان کے ساتھ ’انداز اپنا اپنا‘ نامی ایک کامیڈی فلم کی تھی جو کافی مقبول ہوئی تھی۔ لیکن اس کے بعد سے ان دونوں نے ساتھ میں کوئی فلم نہیں کی۔

شاہ رخ خان اور سلمان خان نے بھی فلم ’کرن ارجن‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ اور ’ہم تمہارے ہیں صنم‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ لیکن عامر اور شاہ رخ کی جوڑی والی کوئی بھی فلم ابھی تک نہیں آئی ہے تاہم عامر خان کی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے پریمیئر پر شاہ رخ خان اور عامر خان ایک زمانے کے بعد اعلانیہ طور پر گلے ملے تھے۔

اس کے بعد ایک انٹرویو میں عامر نے کہا تھا کہ ’فلم کی کہانی ایسی ہونی چاہیے جس میں سلمان اور شاہ رخ کے ساتھ میں کام کر سکوں۔ میں نے تو ان دونوں کے ساتھ کام کرنے سے کبھی انکار ہی نہیں کیا۔ اچھی کہانی ملےتو ساتھ کام کر سکتا ہوں۔‘

پیسے کی قوت

سوشل میڈیا پر جہاں لوگ جام نگر میں ہونے والی تقریبات کی ویڈیوز اور اس سے متعلق خبریں شیئر کر رہے ہیں وہیں خانوں کے فینز ان تینوں کے ایک ساتھ آنے پر خوش ہیں جبکہ بہت سے لوگ دولت کی قوت کی بات کر رہے ہیں۔

سید زین رضا نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں لکھا: ’جو گذشتہ 35 برسوں میں کوئی بھی بالی وڈ ہدایتکار نہ کر سکا اسے امبانی کے پیسے نے کر دکھایا۔‘

عطیہ نامی ایک صارف نے لکھا کہ انھوں نے جب اپنی والدہ سے کہا کہ دیکھیں عامر، شاہ رخ اور سلمان ایک ساتھ ڈانس کر رہے ہیں تو ان کی والدہ نے کہا، ’ٹھنڈ رکھو، انھیں ان کی فیس دی جا رہی وہ سب بغیر پیسے کے تو ہلتے بھی نہیں۔‘

سنیے سنیک پیک کے ایک ویڈیو کو 17 لاکھ سے زیادہ لائکس ملے ہیں۔ اس پر لوگوں کے ہزاروں میں کمنٹس ہیں۔

اس پر ایک صارف نے لکھا: ’کبھی نہیں سوچا تھا کہ سلیبریٹیز کو اس طرح بس میں مقامی لونڈوں کی طرح بھرا جائے گا۔ جبکہ ایک نے لکھا کہ انھیں بس میں دیکھ کر دل خوش ہو گيا۔‘

اسی طرح ایک نے لکھا کہ ’پیسہ ہو تو کیا کچھ نہیں ہو سکتا۔‘ جبکہ ایک نے لکھا کہ ’انڈین کرکٹرز بھی اسی طرح بس میں سفر کرتے ہیں۔‘

بہت سے صارفین بتا رہے ہیں کہ کنگنا راناوات کو نہیں بلایا گیا جبکہ کچھ اجے دیوگن کے بارے میں بھی ایسا ہی کہہ رہے ہیں لیکن اجے دیوگن وہاں نظر آئے۔ ان کے علاوہ مشاہیر میں کرکٹر سچن تنڈولکر اور ان کی اہلیہ، مہیندر سنگھ دھونی اور ان کی اہلیہ وغیرہ بھی نظر آئیں۔