پاکستان

راولپنڈی: بجلی، مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا 14ویں روز جاری

Share

راولپنڈی میں بجلی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی پاکستان کا دھرنا 14 ویں روز میں داخل ہو گیا۔

راولپنڈی میں رات گئے بارش ہوئی، جس کے سبب کارکنان نے رات میٹرو شیڈ کے نیچے گزاری، پنڈال میں حکومت کے خلاف پینا فلیکس آویزاں ہیں۔

پنڈال میں کارکنان اور انتظامیہ کی جانب سے صفائی کا عمل جاری ہے۔

جماعت اسلامی کے کارکنان نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی، جماعت اسلامی اج حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں مری روڈ کی جانب مارچ کرے گئی

یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے دعویٰ کیا تھا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ بہت سے معاملات پر اتفاق ہوگیا ہے اور کچھ معاملات تحریری طور پر طے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہمارا ایجنڈا ہے، وزیراعظم کا ایجنڈا ہے کہ بجلی کی قیمتیں کم کرنی ہیں، بہت سے معاملات پر اتفاق ہوگیا ہے جبکہ مزید معاملات پر اتفاق ہونا باقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کل تک مذاکرات کا دور ملتوی کیا گیا ہے، کل شام کو جماعت اسلامی کے ساتھ مزید ایک نشست ہوگی۔

عطااللہ تارڑ نے کہا تھا کہ مارچ کرنا جماعت اسلامی کا جمہوری حق ہے، جبکہ جماعت اسلامی کے سیالکوٹ میں گرفتار کارکنوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔