پاکستان

اسلام آباد: بینک لوٹنے والا ’فلموں سے متاثر‘ ملزم گرفتار، رقم، وارداتوں میں استعمال اسلحہ برآمد

Share

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ ہفتے بینک ڈکیتی اور کیش وین لوٹنے والے ملزم کو 7 روز بعد کیپٹی سٹی پولیس نے گرفتار کرکے اس کے قبضے سے لوٹی گئی رقم اور وارداتوں میں استعمال کیا جانے والا اسلحہ برآمد کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ملزم کو پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے گرفتار کیا۔

اسلام آباد پولیس نے بیان میں بتایا کہ ملزم کو پنجاب کے ضلع سرگودھا سے گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے وارداتوں کے دوران لوٹی گئی رقم اور استعمال کیا جانے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

بعد ازاں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اسلام آباد نے پولیس حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی اور بتایا کہ بینک کے باہر کیش وین لوٹی گئی اور پھر بینک کے اندر بھی واردات ہوئی، ڈکیٹ پکڑا گیا اس سے تمام سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔

ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہم نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا، 29 اکتوبر سے آج تک پوری ٹیم نے دن رات آپریشنز کیے، سی آئی اے نے مرکزی کردار ادا کیا اور تمام ریکارڈ چیک کیا گیا، گزشتہ 3 ماہ کے ڈیٹا کو 3 دن میں چیک کیا گیا، سائبر انویسٹی گیشن اور ڈیجیٹل سرویلنس سے ہمیں مدد ملی۔

انہوں نے بتایا کہ سوگودھا کے 24 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا گیا، نوجوان یہاں پر 4، 5 سال سے الیکٹریشن کا کام کر رہا تھا، ڈکیٹ کو تمام گلیوں اور راستوں کا علم تھا، ملزم نے فلموں سے متاثرہوکر وارداتیں کیں۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کی زیر قیادت جرائم پر قابو پا رہے ہیں۔

ملزم نے 28 اکتوبرکو سیکٹر جی 15 میں بینک ڈکیتی کی تھی اور کیش وین پرفائرنگ کی تھی، اس کے علاوہ 29 اکتوبر کو جی 9 اور جی 14 مراکز میں واقع بینکوں کو لوٹا تھا، دونوں ڈکیتیوں کے دوران فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوئے تھے۔