گلیکسی ایس 20 سیریز کے فونز کی تمام تفصیلات لیک ہوگئیں
سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون کو 11 فروری کو متعارف کرایا جارہا ہے اور اس کے بارے میں لیکس کا سلسلہ جاری ہے۔
اب تک اس کی تصاویر اور کچھ فیچرز تو لیکس ہوئے مگر اب ایک ٹوئٹر صارف نے گلیکسی 20 (گلیکسی 11 سیریز کو ممکنہ طور پر یہ نیا نام دیا جائے گا) سیریز کے فونز کے تمام فیچرز کی شیٹ ہی لیک کردی ہے۔
اگر اس کو درست مانا جائے تو سام سنگ کے نئے فونز میں کافی کچھ نیا آرہا ہے۔
اس لیک کے مطابق سام سنگ کی جانب سے 3 فونز گلیکسی ایس 20، ایس 20 پلس اور ایس 20 الٹرا متعارف کرائے جائیں گے اور بظاہر یہ تینوں ہی 5 جی ٹیکنالوجی کو سپورٹ کریں گے، تاہم شیٹ میں اس حوالے سے زیادہ وضاحت موجود نہیں۔
ایس 20 اور ایس 20 پلس گزشتہ سال کے ایس 10 سیریز کے فونز کے اپ ڈیٹ ورژن ہوں گے جن میں کچھ نمایاں نئے فیچرز کا اضافہ کیا جائے گا۔
ایس 20 میں 6.2 انچ اسکرین دی جائے گی جبکہ ایس 20 پلس میں 6.7 انچ ڈسپلے موجود ہوگا۔
ایس 20 میں 12 میگا پکسل مین کیمرا، 64 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرے کے ساتھ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ لینس دیا جائے گا جبکہ ایس 20 پلس میں 3 کیمرے تو یہی ہیں مگر اس میں چوتھا کیمرا ٹائم آف فلائٹ سنسر کی شکل میں دیا جائے گا۔
یہ سنسر انفراریڈ لائٹ کو استعمال کرکے فاصلے اور ڈیپتھ کی پیمائش کرتا ہے۔
اس کے علاوہ دونوں میں 3 ایکس آپٹیکل اور 30 ایکس ڈیجیٹل زوم، 8 کے/ 30 فریم فی سیکنڈ ویڈیو ریکارڈنگ (بیک کیمرے) اور 4 کے / 60 فریم فی سیکنڈ ویڈیو ریکارڈنگ فرنٹ کیمرے سے ممکن ہوگی، فرنٹ پر 10 میگا پکسل کیمرا موجود ہوگا۔
ایس 20 میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری جبکہ ایس 20 پلس میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری دی جائے گی اور 128 جی بی اسٹوریج ہوگی، جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکے گا۔
ان دونوں کے مقابلے میں ایس 20 الٹرا بالکل مختلف اور چونکا دینے والے فیچرز سے لیس فون ہے۔
6.9 انچ ڈسپلے کے ساتھ 5000 ایم اے ایچ بیٹری، 128 سے 512 جی بی اسٹوریج (مائیکرو ایس ڈی سے ایک ٹی اسٹوریج کا اضافہ کیا جاسکے گا) دی جائے گی۔
جہاں تک کیمرا سسٹم کی بات ہے تو یہ اس کا سب سے نمایاں فیچر ہے کیونکہ اس میں 108 میگا پکسل مین کیمرا 100 ایکس ڈیجیٹل زوم کے ساتھ دیا جائے گا، اس کے علاوہ 48 میگا پکسل ٹیلی فوٹو، 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور ٹی او ایف کیمرے دیئے جائیں گے۔
یہ دنیا کا پہلا فون ہوگا جس میں فرنٹ پر 40 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا جارہا ہے۔
تینوں فونز میں 120 ہرٹز اسکرینز کے ساتھ اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم موجود ہوگا، تاہم لیک میں قیمتوں کا ذکر موجود نہیں۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فونز 11 فروری کو سان فرانسسکو میں ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرائے جائیں گے۔