سونے کی فی تولہ قیمت 93 ہزار 650 روپے کی نئی ریکارڈ سطح تک جا پہنچی
کراچی: جنوبی کوریا میں نئے کورونا وائرس کے باعث مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 93 ہزار 650 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 80 ہزار 290 تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں یہ قیمت 23 ڈالر فی اونس اضافے کے بعد ایک ہزار 635 ڈالر ہوگئی۔
اس سے قبل جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد امریکا اور ایران کے مابین کشیدگی کے باعث فی تولہ قیمت 93 ہزار 400 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 80 ہزار 75 روپے ہوگئی تھی۔
خیال رہے کہ سونے کی قیمتوں میں ایک سال سے زائد عرصے سے اضافہ ہورہا ہے اور یکم جنوری 2019 سے فی تولہ قیمت میں 25 ہزار 850 روپے جبکہ سونے کی 10 گرام قیمت میں 22 ہزار 162 روپے اور عالمی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت میں 352 ڈالر کا اضافہ ہوا۔تحریر جاری ہے
خیال رہے کہ اس اضافے سے قبل فی تولہ سونے کی قیمت 67 ہزار 800، فی 10 گرام قیمت 58 ہزار 128 روپے اور ایک ہزار 283 ڈالر تھی۔
بی آئی پی ایل سیکیورٹیز کے مطابق جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے محفوظ اثاثوں کی طلب بڑھنے کی وجہ سے جمعے کے روز سونے کی قیمت 7 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچی۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں کورنا وائرس کے 52 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 156 ہوگئی تھی جبکہ جاپان نے چین سے جانے والے متاثرہ بحری جہاز میں پہلی ہلاکت رپورٹ کی گئی۔
اس ضمن میں آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن (اے ایس ایس جے اے) کے صدر حاجی ہارون رشید چند نے کہا کہ سونے کی قیمتوں میں اضافے نے پہلے ہی خریداروں کو بازار سے دور کردیا ہے کیوں کہ بڑھتی ہوئی قیمت کے باعث وہ ان کے لیے قابِل خرید نہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں سرمایہ کار بھی کنارے لگتے جارہے ہیں، ان کےمطابق دبئی کے مقابلے سونا 2000 ہزار روپے فی تولہ کم قیمت میں فروخت کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان جیولری ایسوسی ایشن (اے پی جے اے) کے چیئرمین محمد ارشد نے کہا کہ شادیوں کے سیزن کے عروج میں بھی دکانیں خالی ہیں کیوں کہ خریدار بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث پریشان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ سالوں قبل تک دولت مند خاندان عموماً 50 سے 80 گرام کا دلہن کا سیٹ بنواتے تھے اور اب انہیں 20 سے 30 گرام سونا خریدنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
محمد ارشد کا کہنا تھا کہ جن افراد کی قوت خرید کم ہے وہ پرانے زیورات کے ڈیزائن تبدیل کروانے آتے ہیں۔
پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال 2020 کے دوران سونے کی درآمدات گزشتہ برس کے 248 کلوگرام(97 لاکھ ڈالر) کے مقابلےکم ہو کر 240 کلو گرام (ایک کروڑ ڈالر) ہوگئی ہے۔
علاوہ ازیں ملک میں زیورات کی درآمدات بھی گزشتہ برس کے 34 لاکھ ڈالر کے مقابلے 17 فیصد کم ہو کر 28 لاکھ ڈالر ہوگئی۔