ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 ہزار 156 ہوگئی

Share

دنیا بھر کو لپیٹ میں لینے والی عالمی وبا کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے باعث کیسز میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور آج (4 مئی کو) مزید 26 کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 20 ہزار 156 ہوگئی جبکہ اب تک 459 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے 2 ماہ سے زائد عرصہ بیت چکا ہے، ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد سے لے کر 31 مارچ تک عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2000 سے زائد تھی اور اس دوران 8 اموات بھی ہوئی تھیں۔

تاہم اپریل کے اوائل سے کورونا وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا اور 30 اپریل تک ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اس عرصے میں 359 افراد کا انتقال بھی ہوا۔‎

جس کے بعد مئی کا آغاز ہوتے ہی صرف 3 روز میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اموات 459 تک پہنچ گئیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز پاکستان میں کورونا وائرس کے ریکارڈ ایک ہزار 324 کیسز سامنے آئے تھے۔

آج (4 مئی) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے اور اس وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز کی تصدیق کی گئی۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا وبا کے مریضوں کی تعداد 393 سے بڑھ کر 415 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے سیکٹر آئی-10 کے 2 رہائشی علاقوں کو سیل کردیا تھا۔

آزاد کشمیر

دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی مزید 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

نئے کیسز کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 67 سے بڑھ کر 71 ہوگئی۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر اس وبا سے سب سے کم متاثر ہوا ہے جہاں کیسز میں اضافے کی شرح ملک کے دیگر حصوں سے کم ہے۔

صحتیاب افراد

تاہم اس وبا کے دوران اُمید کی کرن اس وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد میں ہونے والا اضافہ ہے۔

ایک جانب جہاں ملک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے تو دوسری جانب سے اس وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 476 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے جس کے بعد پاکستان میں مجموعی طور پر صحت یاب افراد کی تعداد 5 ہزار 114 سے بڑھ کر 5 ہزار 590 ہوگئی۔

ملک کی مجموعی صورتحال

کورونا وائرس کے حوالے سے ملک کی مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو اس وقت سندھ اور پنجاب کے کیسز میں زیادہ فرق نہیں ہے، سندھ میں یہ تعداد 7 ہزار 465 جبکہ پنجاب میں 7 ہزار 494 ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 3 ہزار 129 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد ایک ہزار 218 تک پہنچ گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نئے کیسز کے اضافے کے بعد مجموعی طور پر 415 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں یہ تعداد 364 ہے۔

مزید برآں آزاد کشمیر میں اب تک 71 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب صوبہ خیبرپختونخوا ملک میں اموات کے حساب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 180
  • سندھ: 130
  • پنجاب: 121
  • بلوچستان: 21
  • اسلام آباد: 04
  • گلگت بلتستان: 03
  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں