اظہر علی کا ‘بلا’ بھارتی میوزیم نے 10 لاکھ روپے میں خرید لیا
پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کی جانب سے عالمی وبا کووڈ-19 کے بحران کے دوران ضرورت مندوں کی امداد کے لیے نیلام کیا گیا بلا بھارت کے ایک میوزیم نے خرید لیا۔
اظہر علی نے ویسٹ انڈیزکے خلاف 2016 میں ایک ٹیسٹ میں 302 رنز بنانے والا بلا اور چمپیئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں بھارت کے خلاف زین تن کی ہوئی جرسی کو آن لائن نیلامی کے لیے پیش کردیا تھا۔
جرسی اور بلا کونیلام کرنے کامقصد حاصل ہونے والی رقم سے جان لیوا بیماری سے متاثر ہونے والے افراد کی امداد کرنا تھا۔ دونوں بیٹ اورجرسی پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے دستخط کیے گئے تھے۔تحریر جاری ہے
رپورٹ کے مطابق بھارتی ویب سائٹ نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سوشل میڈیا میں اعلان کیا تھا کہ بلا اورجرسی کی ابتدائی قیمت 10 لاکھ ہوگی جبکہ دونوں کو 22 لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا۔
اظہر علی نے تصدیق کی کہ پونے میں قائم بلیڈز آف گلوری کرکٹ میوزیم نے 10 لاکھ کی نیلامی جیت کر بلا حاصل کرلیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جرسی کی نیلامی پر بھی خوب دلچسپی کااظہار کیا گیا اور کیلیفورنیا میں موجود پاکستانی نژاد کیش ولانی نے نیلامی کے اختتام سے قبل 11 لاکھ روپے کی بولی دی۔
نیو جرسی میں ایک اورپاکستانی نژاد جمال خان نے اس مقصد کے لیے ایک لاکھ روہے عطیہ کردیا۔
یاد رہے کہ اظہر علی نے سوشل میڈیا میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘میں موجود بحران سے مبتلا افراد کی مدد کے لیے اپنے اہم دو ذاتی چیزوں کو 10،10 لاکھ کی ابتدائی قیمت پر نیلامی کے لیے پیش کررہا ہوں’۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا تھا کہ ‘نیلامی کا وقت 5 مئی 2020 کو رات 11 بج کر 59 منٹ تک جاری رہے گا’۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی کی اس شرٹ پر اسکواڈ کے تمام کھلاڑیوں کے دستخط موجود ہیں۔
اظہر علی کا کہنا تھا کہ یہ دونوں چیزیں میرے دل کے انتہائی قریب ہیں لیکن اگر یہ مشکل وقت میں لوگوں کے کام آ سکیں تو مجھے زیادہ خوشی ہو گی۔