کھیل

جرمنی میں تماشائیوں کے بغیر فٹ بال لیگ میچز کی تیاری

Share

جرمنی میں 16 مئی سے شروع ہونے والی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے باقی تمام 26 میچز تماشائیوں کے بغیر کھیلے جائیں گے۔

الجریزہ کی رپورٹ کے مطابق جرمنی میں کورونا وائرس کی شدت میں کمی آنے کے بعد لیگ کے 20-2019 کے سیزن کے 26 میچز دوبارہ شروع ہوں گے۔

دو مہینے بعد شروع ہونے والے بنڈس لیگا لیگ میں مجموعی طور پر 18 ٹیمیں حصہ لیں گی۔تحریر جاری ہے‎

میچز کے دوران اسٹیڈیم میں میں صرف 300 افراد پر مشتمل ضروری عملہ اور اہلکار شریک ہوں گے جبکہ کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ تھوکنے، گروہوں میں جشن منانے یا ٹیم کے ساتھیوں کو ہاتھ لگانے سے گریز کریں۔

میچوں کے دوران کلب کے ایگزیکٹوز، فائر فائٹرز اور پولیس فورسز، اسٹیڈیم کے سیکیورٹی اہلکار اور صحافی موجود ہوں گے۔

علاوہ ازیں سماجی دوری کو برقرار رکھنے کے لیے ٹیموں کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ میچ سے قبل وہ فوٹو سیشن کروائیں۔

رپورٹ کے مطابق متبادل کھلاڑی ماسک پہن کر بیٹھیں گے اور گول ہونے کی صورت میں تمام کھلاڑی اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں گے۔

علاوہ ازیں ٹیم کے کوچز کو اجازت دی جائے گی کہ وہ اپنے ماسک ہٹا کر کھلاڑیوں کو ہدایات دے سکیں گے لیکن کم سے کم ڈیڑھ میٹر کی دوری برقرار رکھیں گے۔

کچھ کلب میچوں میں ماحول کو پرجوش رکھنے کے لیے مداحوں کے لیے میوزک اور پلے کارڈز استعمال کیے جائیں گے۔

دوسری جانب نشریاتی اداروں ‘اے آر ڈی’ اور ‘زیڈ ڈی ایف’ کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق جرمن عوام کی اکثریت فٹ بال لیگ کو دوبارہ شروع کرنے کی مخالفت کر رہی ہے۔

جرمنی میں کورونا وائرس کےکیسز میں کمی کے بعد جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے سیزن کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی تھی۔

لیگ کے دوبارہ آغاز سے قبل ٹیمیں رواں ہفتہ قرنطینہ میں گزار رہی ہیں۔

واضح رہے کہ جرمنی میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 75 ہزار افرد متاثر جبکہ تقریباً 8 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔