جمالیات

ندا یاسر، یاسر نواز اور اداکار نوید رضا میں کورونا وائرس کی تصدیق

Share

پاکستان میں لاک ڈاؤن کو کافی حد تک نرم کیا جاچکا ہے اور اس کے نتیجے میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اب تک 53 ہزار سے زائد کیسز اور 11 سو سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔

لاک ڈاؤن کے دوران بھی ڈراموں، مارننگ شوز کی شوٹنگ بدستور جاری رہی اور ان میں سے ایک مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر، ان کے شوہر یاسر نواز کے ساتھ ساتھ اداکار نوید رضا میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے ندا یاسر نے بتایا ‘یاسر، میری بیٹیوں اور مجھ میں وائرس کی تصدیق ہوئی، میرے عملے میں نہیں، مجھ میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں مگر یاسر کو بخار تھا، جبکہ میرے بیٹے کا ٹیسٹ نیگیٹو رہا’۔

ایسا مانا جارہا ہے کہ ندا یاسر کے شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈرامے ‘میرا دل میرا دشمن’ کی کاسٹ شریک ہوئی تو یہ وائرس اس دن ان اداکاروں میں منتقل ہوا۔‎

اس ڈرامے کی کاسٹ میں یاسر نوار، نوید رضا، ایلیزے شاہ، نعمال سمیع اور انعم تنویر شامل ہیں۔

نوید رضا نے اس بارے میں بتایا ‘میں نے سب پر ٹیسٹ کے لیے زور دیا تھا، یقیناً سیٹ پر وائرس کو دیگر میں منتقل کرنے والا موجود تھا’۔

انعم تنویر نے فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ نیگیٹو رہا۔

انہوں نے فیس بک پوسٹ میں بتایا ‘میں نے متعدد افواہیں سنی ہیں کہ میرا دل میرا دشمن کی کاسٹ کو کووڈ ہوگیا ہے، افواہوں میں میرے نام کا حوالہ بھی دیا گیا تو میں بتانا چاہتی ہوں کہ الحمد اللہ میں محفوظ ہوں، میرے ٹیسٹ کا نتیجہ نیگیٹو رہا اور کووڈ 19 پازیٹو نہیں آیا’۔

انہوں نے درخکواست کی ‘پلیز میرے نام کو استعمال کرنا بند کردیں اور مجھے سے تصدیق کیے بغیر ایسی اطلاعات کو شائع کرنے سے گریز کریں’۔

ڈان امیجز نے ایلیزے شاہ اور نعمان سے بھھی رابطہ کیا ہے اور ابھی ان کے جواب کا انتظار ہے۔

اس سے پہلے مارچ میں ندا یاسر کو اس وقت تنقید کا سامنا ہوا تھا جب انہوں نے مارننگ شو میں عوامی اجتماعات پر پابندی کے باوجود میک اپ کے مقابلے کا انعقاد کیا تھا جس میں سماجی دوری کا خیال نہیں رکھا گیا تھا۔

اس وقت مارننگ شو کی پوری ٹیم اور ندا سے رابطے میں رہنے والے عملے کے تمام افراد کا ٹیسٹ ہورہا ہے اور انہیں نتائج کے آنے تک الگ رہنے کا کہا گیا ہے۔