پاکستان میں 83 ہزار 649 کورونا کیسز، صحتیاب افراد کی تعداد 30 ہزار سے بڑھ گئی
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد خطرناک صورتحاک کی طرف جارہی ہے اور 2 دن سے یومیہ 4 ہزار سے زائد کیسز آنے کے بعد ملک میں کے مجموعی کیسز کی تعداد چین کے کیسز کے قریب پہنچ گئی ہے۔
اب تک ملک میں سامنے آنے والے ان کیسز کی مجموعی تعداد 83 ہزار 649 ہوچکی ہے جبکہ 1733 افراد اس وائرس سے لقمہ اجل بنے ہیں۔
آج ابھی تک سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد 402 ہے جبکہ 4 اموات بھی ریکارڈ کی جاچکی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس کے آخر میں چین کے شہر ووہان کی ایک سی فوڈ مارکیٹ سے اس وائرس کا آغاز ہوا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا تک پھیل گیا اور چین میں اس کے کیسز کی مجموعی تعداد 84 ہزار 160 ہے۔
پاکستان میں اس وائرس کا پہلا کیس فروری کے آخر یعنی 26 تاریخ کو کراچی میں سامنے آیا جس کے بعد یہ آہستہ آہستہ پورے ملک میں پھیل گیا تاہم اس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر کراچی ہی ہے۔
شروع میں اس وائرس کے پھیلاؤ اور کیسز کی تعداد میں کمی تھی تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ ہوتا گیا اور اب صورتحال تشویشناک دکھائی دے رہی ہے۔
ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق 26 فروری سے 31 مارچ تک ایک ماہ سے زائد عرصے میں ملک میں کیسز کی تعداد تقریباً 2 ہزار تھی جبکہ 26 اموات ہوئی تھیں۔
یہاں یہ واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت کی تصدیق 18 مارچ کو ہوئی تھی۔
بعد ازاں اپریل کے مہینے میں اس وائرس کے کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور ایک ماہ کے عرصے میں تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات بھی 385 تک پہنچ گئیں۔
تاہم مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور ایک ماہ کے دوران کیسز کی تعداد میں 54 ہزار کا اضافہ ہوا اور یہ 71 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ 1100 سے زائد اموات نے اس تعداد 1520 تک پہنچا دیا۔
جون کا آغاز بھی کچھ اسی طرح کی صورتحال سے ہوا تاہم گزشتہ 3 دنوں کے دوران 12 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے جبکہ 200 سے زیادہ لوگ زندگی کی بازی ہار گئے۔
آج (4 جون) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا تاہم صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھی جو لوگوں کے لیے ایک امید کا باعث ہے۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جو وائرس سے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک تھا اور وہاں بھی کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
سرکاری سطح پر قائم کی گئی ویب سائٹ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 356 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
جس کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 188 سے بڑھ کر 3 ہزار 544 ہوگئی جبکہ اموات بھی 34 سے بڑھ کر 38 تک پہنچ گئیں۔
گلگت بلتستان
دوسری جانب گلگت بلتستان کی صورتحال ہے جہاں کیسز کی تعداد گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے میں زیادہ نظر آرہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 45 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
ان نئے مریضوں کے بعد اب تک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 779 سے بڑھ کر 824 ہوگئی ہے۔
آزاد کشمیر
علاوہ ازیں آزاد کشمیر اب تک اس وائرس سے سب سے کم متاثر ہونے والا علاقہ ہے اور وہاں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والے اس نئے کیس سے مجموعی متاثری 284 سے بڑھ کر 285 ہوگئے ہیں۔
صحتیاب افراد
تاہم اس صورتحال کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ کورونا وائرس کو شکست بھی دے رہے ہیں جو دیگر کے لیے امید کا باعث ہے۔
سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1205 مریض صحتیاب ہوگئے۔
جس کے بعد اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 28 ہزار 923 سے بڑھ کر 30 ہزار 128 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔
مصدقہ کیسز: 83649
اموات: 1733
صحتیاب 30128
فعال کیسز: 51788
اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 32 ہزار 910 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 29 ہزار 489 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 11 ہزار 373 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 5 ہزار 224 ہے۔
اسلام آباد میں 3544، گلگت بلتستان میں 824 اور آزاد کشمیر میں 285 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔
پنجاب: 570
سندھ: 555
خیبرپختونخوا: 500
بلوچستان: 51
اسلام آباد: 38
گلگت بلتستان:12
آزاد کشمیر: 07