ملک میں کورونا کے 622 نئے کیسز، مزید 8 ہزار 7 سو سے زائد مریض صحتیاب
دنیا بھر میں ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر اور 5 لاکھ 72 ہزار سے زائد ہلاکتوں کا باعث بننے والے مہلک کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد پاکستان میں بھی روز بروز بڑھ رہی ہے۔
آج 14 جولائی کو سامنے آنے والے کورونا کے نئے اعداد و شمار کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 53 ہزار 604 جبکہ اموات 5 ہزار 320 تک پہنچ گئیں۔
ملک میں منگل کو کورونا وائرس کے 622 نئے کیسز اور 16 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ مزید 8 ہزار 736 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔
یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے ابتدائی دو کیسز ایک ہی دن یعنی 26 فروری کو کراچی اور گلگت بلتستان میں سامنے آئے تھے اور 4 ماہ کے بعد پاکستان کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں 12ویں نمبر پر ہے۔
تاہم جولائی کے آغاز سے پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کافی حد تک کمی دیکھنے میں آئی۔
ملک میں پہلے کیس کے بعد سے 31 مارچ تک متاثرہ افراد کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار کے قریب تھی جبکہ 26 اس بیماری کے باعث لقمہ اجل بنے تھے تاہم اپریل میں کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور ایک ماہ میں یہ ساڑھے 16 ہزار کے مجموعی ہندسے کو عبور کرگئے جبکہ اموات 385 تک جاپہنچیں۔
مئی کا مہینہ صورتحال میں یکسر تبدیلی کا باعث بنا اور مہینے کے آخر تک کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔
جس کے بعد جون کے مہینے میں کیسز کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھا گیا اور ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار سے زائد تک جا پہنچی تھی۔
جون کے آخری دن تک ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار 541 تک جا پہنچی جبکہ 4 ہزار 354 مریض زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔
تاہم جولائی کے آغاز سے کیسز اور شرح اموات میں کمی رپورٹ ہونے کے باوجود حکام نے زور دیا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھا جائے۔
پنجاب
صوبہ پنجاب کی صورتحال گزشتہ ماہ کے مقابلے قدرے بہتر نظر ہوتی نظر آرہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 449 نئے کیسز سامنے آئے۔
ملک میں کووِڈ 19 کی صورتحال پر نظر رکھنے والے پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق مزید 16 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد پنجاب میں اموات کی تعداد 2026 تک پہنچ گئی ہے۔
اب تک پنجاب میں مجموعی طور پر 87 ہزار 492 افراد وبا کا شکار بن چکے ہیں۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں مزید 94 کیسز سامنے آئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار 108 سے بڑھ کر 14 ہزار 202 ہوگئی۔
سرکاری ویب سائٹ کے مطابق شہر اقتدار میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 مریض کورونا وائرس کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے۔
آزاد کشمیر
اؔزاد کشمیر میں وبا کا پھیلاؤ خوشقسمتی سے شروع سے ہی کافی حد تک کنٹرول میں رہا تاہم آج 56 نئے کیسز اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔
اس طرح آزاد کشمیر میں اب تک ایک ہزار 655 افراد وبا سے متاثر جبکہ 45 انتقال کر چکے ہیں۔
گلگت بلتستان
گلگلت بلستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 23 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور متاثرین کی مجموعی تعداد ایک ہزار 694 ہوگئی۔
سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گلگت میں آج کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 36 ہے۔
صحتیاب افراد
روز بروز کورونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے کے ساتھ ساتھ وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
کووِڈ 19 کے سرکاری پورٹل کے مطابق کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 8 ہزار 739 مریض اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔
اس طرح پاکستان میں ان 4 ماہ سے زائد کے عرصے میں کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار 917 سے بڑھ کر ایک لاکھ 70 ہزار 656 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 253604
اموات: 5320
صحتیاب: 170656
فعال کیسز: 77628