انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے 16رکنی قومی ٹیم کا اعلان
انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے 16رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔
اس 16 رکنی ٹیم میں قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی ہیں جبکہ ان کے ساتھ بلے باز بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، فواد عالم، امام الحق بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے اعلان کے موقع پر کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بھرپور تیاری کی ہے، امید ہے کھلاڑی سیریز میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔
اظہر علی کا کہنا تھا کہ کوچز کی جانب سے بہت مدد مل رہی ہے، ہمارے کوچز اپنی سوچ تھوپنا نہیں چاہتے جو اچھی بات ہے۔
ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ ان کی فارم اتنی اچھی نہیں جارہی لیکن وہ کوشش کریں گے کہ کپتانی کے ساتھ اپنی پرفارمنس بھی بہتر بنائیں۔
دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے اظہر علی کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ ان کی اور اسد شفیق کی پرفارمنس بہت معنیٰ رکھتی ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں کہا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے مشکل ضرور ہے مگر اچھی بات ہے کہ کرکٹ ہورہی ہے، انگلش بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے بہت محنت کی ہے۔
انگلینڈ میں ٹیم کے ہمراہ موجود باؤلرز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلرز ناتجربے کار مگر باصلاحیت ہیں، ہمارے باؤلرز کسی بھی ٹیم کو آؤٹ کرسکتے ہیں۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ باؤلنگ کے مقابلے میں بیٹنگ میں ہمارا تجربہ زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کا آغاز 5 اگست کو مانچسٹر میں ہورہا ہے جس کے بعد اگلے دونوں ٹیسٹ میچ ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کے خلاف انگلینڈ نے اسی اسکواڈ کو برقرار رکھا ہے جس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتی تھی۔
پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے انگلش اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
جو روٹ (کپتان)، رورے برنز، ڈوم سبلی، جوز بٹلر، بین اسٹوکس، جیمز اینڈرسن، زیک کرالی، ڈوم بیس، سیم کرن، اولی پوپ، جوفرا آرچر، کرس ووکس، مارک وُڈ اور اسٹورٹ براڈ۔