پاکستان میں کورونا کے 2 لاکھ 86 ہزار مریض صحتیاب، فعال کیسز ساڑھے 6 ہزار رہ گئے
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں 2 لاکھ 98 ہزار 903 کیسز میں سے 2 لاکھ 86 ہزار 16 صحتیاب ہوگئے ہیں جو تقریباً 96 فیصد ہے جبکہ 6 ہزار 345 کا انتقال ہوا ہے۔
ملک میں اس عالمی وبا کو 6 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور اب صورتحال دن بدن بہتر ہورہی ہے۔
آج (7 ستمبر) کو ملک بھر میں 224 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی جس میں 97 کیسز خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے تھے جبکہ انتقال کرنے والے 2 میں سے ایک فرد کا تعلق بھی بلوچستان سے تھا۔
پاکستان میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں رپورٹ ہوا جس کے بعد ملک بھر سے کیسز سامنے آنے لگے۔
پہلے کیس کے سامنے آتے ہی تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان کیا گیا جو تاحال بند ہیں جبکہ اس کے بعد ملک بھر میں مرحلہ وار لاک ڈاؤن شروع ہوا۔
جس میں کئی مرتبہ توسیع ہوئی تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لاک ڈاؤن، اسمارٹ لاک ڈاؤن میں تبدیل ہوا اور معیشت کے مختلف شعبوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی۔
بعد ازاں اگست کے مہینے میں ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے تحت عائد کی گئی پابندیوں کو بڑی حد تک ختم کردیا گیا تاہم تعلیمی ادارے اور شادی ہالز تاحال بند ہیں۔
اگرچہ تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر سے کھولنے کا کہا گیا تھا لیکن اس حوالے سے حتمی فیصلہ آج بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
آج (7 ستمبر) کی صورتحال کو دیکھیں تو ملک میں کیسز اور اموات کچھ اس طرح ہیں۔
پنجاب
ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس مزید 60 افراد کو متاثر کرگیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی نئی موت نہیں رپورٹ ہوئی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 97 ہزار 226 تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی وبا کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ان نئے 16 مریضوں نے دارالحکومت میں کیسز کی تعداد کو 15 ہزار 750 تک پہنچا دیا۔
اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرجانے سے وہاں مجموعی اموات کی تعداد 176 ہوگئی۔
گلگت بلتستان
ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت میں مزید 29 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 29 مریضوں میں وائرس کی تصدیق کےبعد مجموعی کیسز 3 ہزار 8 تک پہنچ گئے۔
آزاد کشمیر
پاکستان میں سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں مزید 4 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آئے ان 4 مریضوں نے کیسز کی مجموعی تعداد کو 2 ہزار 331 تک پہنچا دیا۔
صحتیاب افراد
پاکستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
ملک میں مریضوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا دیگر مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 118 مریض شفایاب ہوگئے جس کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار 16 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا تقریباً 96 فیصد ہے۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 298903
اموات: 6345
صحتیاب: 286016
فعال کیسز: 6542