پلے اسٹیشن 5 کا انتظار ختم، 12 نومبر کو دستیاب ہوگا
اگر آپ سونی کے نئے پلے اسٹیشن 5 کے منتظر ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ کمپنی نے اس کی دستیابی کی تاریخ اور قیمت کا اعلان آخرکار کردیا ہے۔
گزشتہ سال اکتوبر میں کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ پلے اسٹیشن 5 صارفین کے لیے 2020 کے آخر میں دستیاب ہوگا۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ پلے اسٹیشن 5 کے کنٹرولر میں متعدد تبدیلیاں کی جارہی ہیں اور پہلی بار رمبل ٹیکنالوجی کی جگہ نئی ہیپٹک فیڈبیک ٹیکنالوجی کو دی جارہی ہے۔
پھر رواں سال جون میں کمپنی نے اس کے کنسول کو متعارف کرایا تھا تاکہ صارفین جان سکیں کہ اس کا ڈیزائن کیسا ہوگا۔
پی ایس 5 کا اسٹینڈ عمودی ہے بالکل ایکس باکس سیریز ایکس کی طرح جبکہ یہ 2 ورژن میں دستیاب ہوگا، ایک 4 کے بلیو رے ڈرائیو اور دوسرا پیور ڈیجیٹل ایڈیشن۔
پی ایس 5 کا ڈیجیٹل ورژن آپٹیکل ڈرائیو کے بغیر ریگولر ماڈل کے مقابلے میں زیادہ پتلا ہے، اور اس کا مطلب یہ بھی یہ ہے کہ ڈیجیٹل ایڈیشن زیادہ سستا ہوگا، تاہم کمپنی نے اس وقت قیمت کا اعلان نہیں کیا تھا۔
اب کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پلے اسٹیشن 5 امریکا، جاپان، کینیڈا، میکسیکو، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا میں 12 نومبر سے دستیاب ہوگا جبکہ یورپ اور دیگر ممالک میں یہ 19 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔
تاہم چین میں صارفین کو زیادہ انتظار کرنا ہوگا۔
مختلف ممالک میں پری آرڈر کے ذریعے 17 ستمبر سے اسے بک کرایا جاسکتا ہے جس کی قیمت 400 ڈالرز (66 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مائیکرو سافٹ کے ایکس باکس سیریز ایکس اور سیریز ایکس کے کنسولز کی قیمت اور دستیابی کی تاریخ کا اعلان گزشتہ ہفتے کیا گیا تھا جو نومبر میں ہی دستیاب ہوں گے۔
ایکس باکس سیریز ایکس کی طرح ٹی وی یا مانیٹر کے نیچے پی ایس 5 کو عمودی یا افقی انداز میں رککھا جاسکتا ہے جبکہ سونی نے اسٹینڈ بھی بنایا ہے، مگر ڈیجیٹل ایڈیشن کا اسٹینڈ کچھ مختلف ہے۔
پی ایس 5 کے ٹاپ پر حرارت کے اخراج کے لیے وینٹس دیئے گئے ہیں جبکہ فرنٹ پر یو ایس بی اے اور یو ایس بی سی پورٹس دی گئی ہیں۔
سونی کی جانب سے پی ایس 5 کے لیے متعدد ایسیسریز بھی تیار کی گئی ہیں جن میں ڈوئل سنس چارجنگ اسٹیشن، ایک نیا ایچ ڈی کیمرا، پلس تھری ڈی وائرلیس ہیڈ سیٹ اور میڈیا ریموٹ۔
نئے پلے اسٹیشن میں 100 جی بی بلیو رے ڈسکس استعمال ہوں گی، جبکہ کمپنی پہلے ہی تصدیق کرچکی ہے کہ کنسول میں ڈسک ڈرائیو دی جائے گی مگر تمام گیمز کو انٹرنل ایس ایس ڈی پر انسٹال کرنا ہوگا۔
درحقیقت سپرفاسٹ ایس ایس ڈی سب سے بڑی اپ ڈیٹ ہے جو سونی نے ظاہر کی ہے اور کمپنی نے وعدہ کیا ہے کہ ڈیٹا ریڈ اسپیڈ کو بھی بہتر کیا جائے گا تاکہ گیمز اسٹوریج میں زیادہ جگہ نہیں گھیر سکیں۔
نئے پلے اسٹیشن کا یوزر انٹرفیس بھی مکمل طور پر بدلا گیا ہے اور ہوم اسکرین پر اب زیادہ تفصیلات سوشل فیچرز نظر آئیں گے۔
پلے اسٹیشن 5 میں 8 کور سی پی یو، کاسٹیوم جی پی یو، تھری ڈی آڈیو، 8 کے گیمنگ سپورٹ (جبکہ 120 ہرٹز4 کے گیمنگ سپورٹ)، بجلی کے کم استعمال کا آپشن، پی ایس فور بیک ورڈز کمپیٹیبلیٹی اور الٹرا فاسٹ ایس ایس ڈی جیسے فیچرز بھی موجود ہوں گے۔