سائنس

12 گھنٹے سے زائد گزر جانے کے باوجود ایکس (ٹوئٹر) مکمل طور پر بحال نہ ہوسکا

Share

پاکستان کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی سروس ڈاؤن ہوگئی ہے، 12 گھنٹے گزر جانے کے باوجود سروس مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی ہے جس کی وجہ سے لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سوشل میڈیا کی بندش اور مانیٹرنگ سروس ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق پاکستان میں ہفتے کی رات 9 بجے سے ایکس ڈاؤن ہے، صارفین کی شکایت ہے کہ انہیں ٹوئٹس اور نئی پوسٹس دیکھنے میں پریشانی ہو رہی ہے۔

اس کےعلاوہ صارفین ایکس پر نہ ٹوئٹ کرسکتے ہیں اور نہ کوئی ویڈیو اپلوڈ کرسکتے ہیں۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق ہفتے کی رات رات 9 بجے ایکس کی بندش کی کم از کم 185 شکایات موصول ہوئیں، جو رات 9 بجکر 24 منٹ تک 239 ہو گئیں۔

اس کےعلاوہ سائبر سیکیورٹی واچ ڈاگ نیٹ بلاکس نے بھی ’لائیو میٹرکس‘ کا حوالہ دیتے ہوئے ایکس سروس کی بندش کی تصدیق کی ہے۔

قبل ازیں ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران پاکستان کو انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی بندش کا سامنا تھا۔

اس دوران ملک میں ’سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے‘ موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی تھی، ایکس سروس کی بندش کی وجہ سے ہزاروں صارفین کو ٹوئٹس کرنے اور نئی ٹوئٹس دیکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتھا۔