سائبر کرائم: کیا آپ کے سمارٹ فون کو بھی ’یو ایس بی کنڈوم‘ کی ضرورت ہے؟
آج کل ہمارے موبائل فون کی بیٹری ختم ہوجانا اتنا ڈرامائی نہیں رہا جتنا کچھ برس پہلے ہوسکتا تھا۔ اب ہمارے موبائل فونز کو چارج کرنے کے لیے ہر جگہ یو ایس بی پورٹس موجود ہیں۔
یہ پورٹس ہوائی اڈوں پر، عوامی بیت الخلاء میں، کسی بھی ہوٹل یا ہر شاپنگ سینٹر میں ہونے کے ساتھ ساتھ ہوائی جہازوں، بسوں اور ٹرینوں میں بہتات کے ساتھ موجود ہیں۔
مگر اس قدر فائدہ مند معلوم ہونے والی چیز ہماری خفیہ معلومات کے لیے خطرہ ہے۔ ان چارجنگ یو ایس بی پورٹس کی وسیع پیمانے پر دستیابی دراصل ایک ایسا خلا ہے جسے سائبر جرائم میں ملوث افراد ہمارے انتہائی حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔
اور اسی وجہ سے ’یو ایس بی کنڈومز‘ بھی کہے جانے والے یو ایس بی ڈیٹا بلاکرز گذشتہ چند برسوں سے مارکیٹ میں آرہے ہیں۔
اور بھلے ہی یہ عام کنڈوم کی طرح لیٹکیس نہیں ہیں لیکن اتنے ہی مؤثر اور کارآمد ہیں۔
یہ جوس جیکنگ یعنی یو ایس بی کے ذریعے آپ کا ڈیٹا چرائے جانے کے خطرے سے بچاتے ہیں۔ جوس جیکنگ دراصل ایک ایسا سائبر حملہ ہے جس میں ’سائبر کرمنلز چارجنگ پورٹس والے بوتھس یا جگہوں پر ایک وائرس زدہ پروگرام انسٹال کرتے ہیں جو صارفین کے فون اور دیگر ڈیوائسز کو متاثر کر دیتا ہے۔‘
امریکہ میں لاس اینجلس کاؤنٹی پراسیکیوٹر کے دفتر کے اسسٹنٹ لیوک سیساک نے نومبر کے اوائل میں اس حوالے سے خبردار کیا تھا۔
یہ کام کیسے کرتے ہیں؟
’یو ایس بی کنڈومز‘ اِن پٹ اور آؤٹ پٹ پورٹ والے چھوٹے یو ایس بی ایڈاپٹر ہیں جو آپ کے موبائل کو چارج ہونے دیتے ہیں لیکن ڈیٹا کا تبادلہ روکتے ہیں۔
ان کی قیمت تقریباً 10 امریکی ڈالرز ہے اور یہ چھوٹے ہیں لہٰذا آسانی سے جیب میں آ جاتے ہیں۔
سساک کے مطابق، اس نوعیت کے سائبر حملوں کے نتائج ’تباہ کن‘ ہوسکتے ہیں۔
انھوں نے ایک ویڈیو پیغام میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’مفت میں موبائل فون یا لیپ ٹاپ چارج کرنے کی سہولت آپ کا بینک اکاؤنٹ خالی کر سکتی ہے۔ اگر سائبر کرمنلز میلویئر یعنی وائرس انسٹال کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ آپ کا فون بلاک کرسکتے ہیں، بہت ہی حساس معلومات جیسے کہ پاسپورٹ کا ڈیٹا یا گھر کا پتہ چوری کرسکتے ہیں۔‘
آئی بی ایم ٹیکنالوجی کمپنی کی سائبر سکیورٹی رپورٹ کے مطابق ’مالیشیئس سافٹ ویئر انفکیشنز یعنی وائرس زدہ سافٹ ویئرز آپ کے فون یا لیپ ٹاپ کی ’کمپیوٹنگ پاور کو ہائی جیک کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں آپ کے لیپ ٹاپ یا موبائل فون کے پروسیسر کا استعمال بڑھتا ہے اور آپ کے آلات کی رفتار میں سست روی آتی ہے۔‘
اسی رپورٹ سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرانسپورٹ کی صنعت کے خلاف حملوں میں کیسے اضافہ ہوا ہے، جو مالی خدمات کے شعبے کے بعد 2018 میں دوسرا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شعبہ ہے۔
فوربس میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران آئی بی ایم کے ایکس فورس سائبر سکیورٹی ڈویژن کے نائب صدر کیلیب بارلو نے ہیکنگ کے واقعات کو کم کرنے کے لیے یو ایس بی کنڈوم کے استعمال پر زور دیا تھا۔
اس طریقہ کار کے علاوہ، لاس اینجلس کاؤنٹی پراسیکیوٹر کے دفتر نے بھی براہ راست بجلی سے ڈیوائسز چارج کرنے اور ہمیشہ ایمرجنسی پاور بینک اپنے ساتھ رکھنے کی تجویز دی ہے۔