ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا کے نئے کیسز سے متاثرین کی تعداد 9749، اموات 209 ہوگئیں

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ دن بدن تیز ہوتا جارہا ہے اور آج بھی مزید کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد متاثرین کی تعداد 9 ہزار 749 ہوگئی جبکہ 209 افراد وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

ملک میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آیا اور 31 مارچ تک تعداد تقریباً 2 ہزار تک پہنچی تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک اس تعداد میں 7 ہزار سے زائد مریضوں کا اضافہ ہوا۔

اسی طرح اموات کی تعداد بھی اسی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ملک میں ہونے والی مجموعی اموات میں پہلے 100 اموات 28 دن میں ہوئیں جبکہ باقی 100 سے زائد اموات صرف 7 دن میں ریکارڈ کی گئیں۔

اگرچہ اس وائرس کے پہلے کیس کے سامنے آنے کے ساتھ ہی ملک میں مختلف طرح کی پابندیاں اور بعد ازاں جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔‎

تاہم اس کے باوجود کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور جس طرح ٹیسٹ بڑھ رہی ہے متاثرین کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

آج (22 اپریل) کو بھی ملک میں مزید کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ ایسے افراد بھی سامنے آئے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوئے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 9 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

اسلام آباد میں سامنے آنے والے ان 9 کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 185 سے بڑھ کر 194 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سرکاری سطح پر تصدیق کیے گئے ان 2 نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں متاثرین 281 سے بڑھ کر 283 ہوگئے۔

وہی مزید 83 افراد ایسے تھے جو اس وائرس کو شکست دے کر مکمل شفایاب ہوگئے۔

صحتیاب افراد

نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 2073 سے بڑھ 2 ہزار 156 ہوگئی۔

علاوہ ازیں اگر ان نئے کیسز کے بعد ملک میں صوبوں اور علاقوں کے حساب سے متاثرین کی تعداد پر نظر ڈالیں تو پنجاب اس میں سب سے آگے ہے۔

صوبہ پنجاب میں ابھی تک کورونا وائرس کے 4 ہزار 328 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

مجموعی صورتحال

اس کے بعد سندھ میں 3053 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 1345 ہے۔

بلوچستان میں 495 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں یہ کیسز 194تک پہنچ چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے 283 افراد متاثر ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں اس وبا نے 51 افراد کو متاثر کیا ہے۔

اموات کے حساب سے سب سے زیادہ تعداد خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں، جس کے بعد سندھ کا نمبر ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 80
  • سندھ: 67
  • پنجاب: 51
  • بلوچستان: 6
  • گلگت بلتستان: 3
  • اسلام آباد: 3
  • آزاد کشمیر کوئی نہیں

پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک 183 افراد انتقال کرچکے ہیں اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔