ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا وائرس بے اثر ہونے لگا، فعال کیسز 20 ہزار سے کم رہ گئے

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال ہر گرزتے دن کے ساتھ بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں 90 فیصد مریضوں کے صحتیاب ہونے سے فعال کیسز کی تعداد 20 ہزار سے بھی کم رہ گئی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 863 ہے جس میں سے 2 لاکھ 56 ہزار 58 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 35 لقمہ اجل بنے ہیں۔

آج (6 اگست) کی صبح تک ملک میں کورونا کی وبا نے مزید 322 افراد کو متاثر کیا جبکہ 5 افراد کی جان لے لی، تاہم ایک ہزار 772 مریض صحتیاب بھی ہوئے۔

اس عالمی وبا کا آغاز گزشتہ برس کے آخر میں چین کے شہر ووہان کی ایک سی فوڈ مارکیٹ سے ہوا تھا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔‎

وبا نے نہ صرف پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا بلکہ دنیا کی صورتحال، لوگوں کا رہن سہن، معاشی معاملات اور یوں کہیں کہ سب کچھ بدل کر رکھ دیا۔

اگر خطے کی بات کریں تو پاکستان میں یہ وبا دیگر پڑوسی ممالک کے مقابلے میں دیر سے آئی اور یہاں فروری کے آخر میں پہلا کیس رپورٹ ہوا جبکہ یہاں اس وائرس سے بہتری کی جانب جانے کی صورتحال بھی دیگر ممالک سے بہتر ہے۔

رواں ماہ کی بات کی جائے تو ابتدا کے 5 روز میں عید گزرنے کے باوجود کیسز کی صورتحال میں گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے بہتر ہے۔

آج (6 اگست) کو ملک میں نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح رہی۔

پنجاب

آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس مزید 276 افراد کو متاثر اور 5 افراد کی جان لے لیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 276 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور یوں مجموعی کیسز کی تعداد 93 ہزار 847 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 5 افراد بھی 24 گھنٹوں میں انتقال کرگئے جس سے مجموعی اموات 2 ہزار 162 تک جاپہنچیں۔

اسلام آباد

کورونا وبا نے اسلام آباد میں مزید 19 افراد کو متاثر کیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے نئے مریضوں کی تعداد 19 تھی، جس سے مجموعی کیسز 15 ہزار 141 تک پہنچ گئے۔

گلگت بلتستان

ملک میں کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید 16 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

اعداد و شمار پر نظر دوڑائیں تو معلوم ہوتا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آںے والے ان 16 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 234 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر جو اب تک اس وائرس سے سب سے کم متاثر ہوا ہے وہاں نئے کیسز میں 11 کا اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق 16 نئے کیسز کے سامنے آںے کے بعد وہاں اب تک کے مجموعی کیسز 2 ہزار 116 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں نئے کیسز کے سامنے آنے کے باوجود صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 1 ہزار 772 مریض صحتیاب ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 56 ہزار 58 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا 90 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 281863

اموات: 6035

صحتیاب: 256058

فعال کیسز: 19770

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 22 ہزار 373 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 93 ہزار 847 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 359 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 793 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 141 ، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 116 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 234 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2245

پنجاب: 2162

خیبرپختونخوا: 1215

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 167

گلگت بلتستان: 55

آزاد کشمیر: 55