سابق آسٹریلین کرکٹر ڈین جونز ممبئی میں انتقال کر گئے
عالمی شہرت یافتہ آسٹریلین بلے باز ڈین جونز دل کا دورہ پڑنے سے 59 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) کے سلسلے میں اسٹار انڈیا کے لیے کمنٹیٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دینے والے سابق آسٹریلین کرکٹر کو آج دوپہر دل کا دورہ پڑا جس سے وہ انتقال کر گئے۔
اسٹار انڈیا نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ ہم انتہائی دکھ کے ساتھ اس بات کا اعلان کرتے ہیں ڈین جونز انتقال کر گئے ہیں، وہ دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوئے، ہم ان کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہیں اور اس مشکل وقت میں ان کی مدد کے لیے تیار ہیں۔
آج جمعرات کو ناشتہ کرنے کے بعد صبح 11 بجے انہوں نے آئی پی ایل کی نشریات کے سلسلے میں بریفنگ سیشن میں حصہ لیا اور ممبئی میں واقع اپنے ہوٹل کے کوریڈور میں ساتھیوں کے ہمراہ گفتگو کر رہے تھے۔
دوران گفتگو اس وقت سب لوگوں کو دھچکا لگا جب وہ ایک دم زمین پر گر گئے جس کے بعد انہیں ایمبولینس میں ہنگامی بنیادوں پر ہرکشن داس ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ یہاں آنے سے قبل ہی ان کی موت واقع ہو چکی ہے۔
ڈین جونز نے 59 ٹیسٹ اور 164 ون ڈے میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی جبکہ وہ 1987 میں آسٹریلیا کے لیے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے اہم رکن بھی تھے۔
1997-98 میں ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کمنٹری کے شعبے سے وابستہ ہو گئے اور پاکستان سپر لیگ سمیت دنیا کی مختلف لیگوں میں کوچنگ کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔
پاکستان سپر لیگ میں ڈین جونز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ رہے اور ان کی کوچنگ میں یونائیٹڈ دو مرتبہ چیمپیئن بنے جبکہ اس سال وہ کراچی کنگز سے وابستہ ہو گئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ، کرکٹ آسٹریلیا، آسٹریلیا سمیت دنیا بھر کے موجودہ اور سابق کھلاڑیوں اور ٹیموں نے ڈین جونز کے انتقال کو کرکٹ کے لیے بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔