ورلڈکپ: بھارت کے خلاف دو وکٹیں گرنے کے بعد بابر اور رضوان کی ذمے دارانہ بیٹنگ
کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے سب سے بڑے اور سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کی روایتی حریف بھارت کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔
Imam-ul-Haq gets going straight away ?https://t.co/TwRUZS5QcE | #INDvPAK | #CWC23 pic.twitter.com/H1fJQHFTDC
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) October 14, 2023
بھارتی شہر احمد آباد میں واقع دنیا کے سب سے بڑے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
گرین شرٹس کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق اور امام الحق میدان میں اترے جبکہ بھارت کی جانب سے جسپرت بمراہ نے باؤلنگ کا آغاز کیا تو ابتدا میں قومی ٹیم کے اوپنرز نے محتاط انداز اپنایا۔
دونوں کھلاڑیوں نے بمراہ کے خلاف سنبھل کر بیٹنگ کی البتہ محمد سراج کو تینوں اوور میں اپنے نشانے پر رکھا۔
قومی ٹیم کے اوپنرز نے ٹیم کو 8 اوورز میں 41 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر محمد سراج کی ایک اندر آتی گیند پر شاٹ کھیلنے کی ناکام کوشش میں عبداللہ شفیق وکٹ گنوا بیٹھے، 24 گیندوں پر 20 رنز بنانے والے عبداللہ کو سراج نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
اس کے بعد وکٹ پر کپتان بابر اعظم کی آمد ہوئی جنہوں نے امام کے ساتھ مل کر اسکور کو بتدریج آگے بڑھانا شروع کیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے رنز تیزی سے بنانے کی شروعات کی ہی تھی کہ ہردک پانڈیا کو چوکا مارنے کے بعد اگلی گیند پر ڈرائیو کھیلنے کی کوشش میں امام الحق وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 36 رنز بنائے۔
ابھی قومی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ امپائر نے محمد رضوان کو رویندرا جدیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا لیکن پاکستان نے فیصلے کے خلاف ریویو لیا اور یہ بالکل درست ثابت ہوا کیونکہ گیند لیگ اسٹمپ سے باہر جا رہی تھی۔
اس وقت وکٹ پر بابر اعظم اور محمد رضوان موجود ہیں اور دونوں تیسری وکٹ کے لیے 50 رنز سے زائد کی شراکت بنا چکے ہیں۔