کھیل

آسٹریلیا کے خلاف شاندار ڈیبیو کرنے والے خرم شہزاد ٹیسٹ سیریز سے باہر

Share

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، خرم شہزاد پسلی کے فریکچر کے باعث آسٹریلیا میں ہونے والی بقیہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پرتھ میں پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد خرم شہزاد کو جسم کے بائیں طرف پسلی میں تکلیف کی شکایت تھی جس کے بعد انہیں ایم آر آئی کے لیے بھیجا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق خرم شہزاد کو پسلی میں فریکچر ہے، جس کی وجہ سے وہ آسٹریلیا میں ہونے والی بقیہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کے اسپیشلسٹ سے مشاورت کرنے کے بعد آئندہ کا پلان طے کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ’پی سی بی آسٹریلیا میں ماہر سے مشورہ کرے گا جس کے بعد کھلاڑی کے لیے حتمی انتظامی پروٹوکول قائم طے کیے جائیں گے، اس کے علاوہ خرم شہزاد لاہور واپس جائیں گے ۔

خرم شہزاد کی انجری کے بعد ان کی جگہ پاکستان کے پاس اسکواڈ میں حسن علی اور محمد وسیم جونیئر ہیں۔

24 سالہ خرم شہزاد نے پرتھ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کی پہلی اننگز میں دو اور دوسری اننگز میں تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو پہلے ہی فٹنس مسائل کا سامنا ہے، جن میں فاسٹ باولر نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں، جبکہ لیگ اسپنر ابرار احمد بھی دائیں ٹانگ میں تکلیف کے باعث پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔

ہیڈ کوچ محمد حفیظ کے مطابق ابرار احمد کی جگہ لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کو شامل کیا گیا تھا جو انگلی میں چوٹ کا شکار ہیں، ساجد خان کو بیک اپ کے طور پر لایا گیا اب امکان ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میں نعمان علی کی جگہ لیں گے۔